سندھ میں سیلابی ریلوں سے متعدد گوٹھ ڈوب گئے، سڑکیں بھی بہہ گئیں، زمینی رابطے منقطع

حیدر آباد (انتخاب نیوز) سندھ میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، سیلابی ریلوں میں متعدد گوٹھ ڈوب گئے، سیلابی ریلے اپنے ساتھ سڑکیں بھی بہا لے گئے، زمینی رابطہ منقطع ہونے سے متاثرین کی پریشانی میں مزید اضافہ۔ شکارپور میں فقیر گوٹھ سیلاب نے اجاڑ ڈالا، ہر طرف دلدل اور کیچڑ، سیلابی ریلہ تباہی مچاتے ہوئے اپنے ساتھ سڑکیں بھی بہا لے گیا، جس کے باعث متاثرین کیلئے گاﺅں سے باہر نکلنے کا راستہ نہیں رہا۔ خیرپور پیر محمد راشدی درگاہ کے دروازے سیلاب متاثرین کیلئے کھول دیے گئے، جہاں سینکڑوں افراد کو سر چھپانے کی جگہ کے ساتھ کھانے پینے اور طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ علاوہ ازیں بدین میں نوکوٹ کو جھڈو سے ملانے والا پل بھی سیلابی پانی میں ڈوب گیا جس سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، عوام بے بسی کی تصویر بنے حکومتی امداد کے منتظر۔

اپنا تبصرہ بھیجیں