بلوچستان بھر میں بجلی کی فراہمی معطل، کوئٹہ کو متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جارہی ہے،کیسکو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کیسکو ترجمان کے مطابق اس وقت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو متبادل زرائع سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ 220kvاور132kvٹرانسمیشن لائن کے ٹاور گرنے کی وجہ سے بجلی کی بندش سے کیسکو سسٹم پر بوجھ بڑھ جانے سے تقریباً 700 میگاواٹ برقی قلت کا سامنا ہے۔ بی بی نانی پل کے قریب این ٹی ڈی سی کے 220kv کے دس ٹاور جبکہ پیر غائب کے علاقے میں کیسکو کے 132kv کے تین ٹاور گرگئے ہیں۔ پیر غائب کے مقام سے لیکر ڈھاڈر تک پیٹرولنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔ اس وقت کیسکو کے سسٹم میں تقریباً 250 میگاواٹ تک بجلی دستیاب ہے۔ برقی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئٹہ شہر کے فیڈروں کو ضرورت کی مطابق باری باری بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ 220Kv سبی، کوئٹہ اور 132kv سبی، کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی تاحال بند ہے۔ ?220kv دادو، خضدار ٹرانسمیشن لائن سے بجلی بندش کے باعث خضدار، وڈھ، باغبانہ، قلات، نال، زہری، بیسیمہ، گدر، منگچر، کھڈکوچہ، سوراب گرڈ اسٹیشنز سے منسلک علاقوں کو بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔ مستونگ، نوشکی، چاغی، خاران اور دالبندین کے علاقوں کو بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ مجموعی طور پر صوبے کے 27 گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔ لورلائی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، پشین، چمن کے علاقوں کو بھی ضرورت کے مطابق سٹی و دیہی فیڈروں کو یومیہ 2 گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ بولان میں زمینی راستہ اور مواصلاتی نظام منقطع ہونے سے اسٹاف کو پیٹرولنگ اور بجلی بحالی کے کام میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بولان کے علاقے میں پانی کے دباﺅ میں کمی کے بعد سامان کی منتقلی کا کام شروع کردیا گیا۔ کیسکو ترجمان کے مطابق صورتحال کو نارمل ہونے میں کم از کم ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔ بارش اور سیلاب سے بجلی کی فراہمی میں تعطل پر متعلقہ صارفین سے معذرت اور تعاون کی اپیل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں