کوئٹہ میں انٹرنیٹ اورلینڈ لائن سروسز کی مکمل بحالی میں کئی دن لگ سکتے ہیں، پی ٹی سی ایل

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں 3 فائبر آپٹک کیبل میں سے 2 کیبلز کئی مقامات پر سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔ پی ٹی سی ایل لینڈ لائن اور انٹرنیٹ سروس صوبے کے چند اضلاع میں جزوی طور پر بحال کردی گئی ہیں۔پی ٹی سی ایل کے جی ایم ٹیکنیکل شوکت خواجہ خیل نے بتایا کہ بلوچستان میں فائبرآپٹکس کی خرابی سے صوبے کے 80 فیصد اضلاع میں انٹرنیٹ سروسزمعطل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مستونگ کے قریب تیسری کیبل بھی زمین میں دھنسنے سے ٹوٹ گئی ہے اورفائبر آپٹکس کی خرابی کے باعث کوئٹہ میں انٹرنیٹ کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہوئی۔ مستونگ میں خراب آپٹک کیبل کی مرمت کے بعد کوئٹہ میں جزوی طور پر انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ہے تاہم انٹرنیٹ اورلینڈ لائن سروسز کی مکمل بحالی میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔شوکت خواجہ خیل کیمطابق پی ٹی سی ایل بلوچستان کے70 ہزار صارفین کو انٹرنیٹ سروس فراہم کرتا ہے تاہم حالیہ خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے اس میں تعطل آیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں