کوہاٹ میں زیر تعمیر پولیس اسٹیشن پر دھاوا، تین افراد اغوا کے بعد بے دردی سے قتل

کوہاٹ (انتخاب نیوز) قبائلی ضلع اورکزئی کے دوراْفتادہ علاقہ ماموں زئی میں مبینہ طورپر نامعلوم مشتبہ افراد نے زیر تعمیر پولیس اسٹیشن پر دھاوابول کرپولیس کانسٹیبل اور دو مزدوروں سمیت تین افراد کو اسلحہ کی نوک پر اغواء کرکے انتہائی بے دردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اْتاردیا۔ مقامی میڈیا کے حوالے سے موصولہ ابتدائی اطلاعات اور پولیس بیان کے مطابق پیر کے روزقبائلی ضلع کرم کی سرحد پر واقع ضلع اورکزئی کی اپر تحصیل کے دوردراز علاقہ سمہ ماموں زئی کے نواحی گاؤں دراکہ اخونزادگان میں زیر تعمیر پولیس پوسٹ پر بعض نامعلوم مشتبہ افراد نے اچانک دھاوا بول کر اسلحہ کی نوک پر تین افراد اغواء کرلئے جنہیں کچھ فاصلے پرلے جاکر انتہائی بے دردری کے ساتھ قتل کردیا۔ جاں بحق افرادمیں پولیس کانسٹیبل احمدسعید اخونزادہ قوم ماموں زئی کے علاوہ کام کرنے والے دو مزدور انذرگل قوم علی خیل اور عیدا کبر قوم ملاخیل بھی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق اغواء ہونے والے دونوں مقتولین پولیس سٹیشن کی تعمیر کرنے میں دیہاڑی دار مزدورتھے جبکہ پولیس کانسٹیبل اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہاتھا۔ واقعہ کے بعد ڈی پی او اورکزئی نثار احمدخان پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ہیں جہاں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقہ کا گھیراؤکرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور تہرے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے کوششیں شروع کردی ہیں تاہم فوری طورپر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی بعدازاں پولیس نے تینوں لاشوں کو اْٹھاکر پوسٹ مارٹم کے لئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال غلجو اورکزئی منتقل کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں