نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی صحبت پور شہر کو بچانے کیلئے اقدامات کرے، ظہور بلیدی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) سابق صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہ کاریاں ہوئی ہیں، ریلیف ورک تن تنہا صوبائی حکومت کے بس سے باہر ہے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی صحبت پور شہر کو بچانے کے لیے اقدامات کرے،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو جلد از جلد سڑکوں اور شاہراہوں کو صاف اور فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں سیلاب نے اتنے بڑے پیمانے پر تباہی کی ہے کہ وفاقی اداروں کی معاونت کے بغیر ریلیف ورک تن تنہا صوبائی حکومت کے بس سے باہر ہے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنت اتھارٹی صحبت پور شہر کو بچانے کے لیے اقدامات کرے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو جلد از جلد سڑکوں اور شاہراہوں کو صاف اور فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ جب تک سڑکیں اور مواصلاتی نیٹ ورک بحال نہیں ہوتے امدادی کام متاثر رہیں گے۔ ہمارے بلیدہ کے لوگوں نے اپنی سماجی اور اخلاقی زمہ داری مظاہرہ کرتے ہوئے سیلاب کی قدرتی آفت سے متاثرہ بھائیوں/بہنوں کیلئے امداد اکٹھا کرنے کا رضاکارانہ عمل شروع کیا ہے۔ اللہ کریم ان کے کار خیر میں برکت ڈالے اور تمام پاکستانیوں کو بھی اسی جذبے سے سرفراز فرمائے۔


