آئی ایم ایف سے قرض شادیانے بجانے والا کام نہیں بلکہ عارضی ریلیف ہے ،سعد رفیق
اسلام آباد(انتخاب نیوز) وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے مشیر امور برائے کشمیر قمر زمان کائرہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرض کوئی شادیانے بجانے والا کام نہیں بلکہ عارضی ریلیف ہے ،فصلوں کی تباہی سے سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ سیلاب کے باعث بہت سی تباہ کاریوں کا سامنا ہے ، فصلوں کی تباہی سے سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ، عالمی برادری سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امداد بھجوا رہی ہے ، دنیا پاکستان کی مدد کر رہی ہے جبکہ ایک پارٹی شیطانی ایجنڈے پر عمل پیر اہے ، شوکت ترین سے ایسی توقع نہ تھی ، توہین عدالت کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔سعد رفیق نے کہا کہ ریلویز کے انفرانسٹرکچر کو بہت زیادہ نقصان ہوا، سبی میں ایک پل ٹوٹ چکا ہے جس کی بحالی کے لیے کام کررہے ہیں ، ترکیہ سے 4 ٹرینیں آرہی ہیں ،ایک روانہ ہوچکی ہے ، تفتان میں ایران سے سامان آئے گا اور این ڈی ایم کے حوالے کیا جائے گا، مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان انتہائی مشکل وقت سے گزر رہا ہے، کہا گیا سیاسی نقصان کر رہے ہیں، شہرت خراب ہورہی ہے،ادراک تھا ہمارا سیاسی نقصان ہورہا ہے مگر ہمارا مانناتھا سیاسی نقصان کور ہوجائے گا، پاکستان کو نقصان نہ ہو، ہم تکلیف میں ضرور آئےلیکن مشکل فیصلوں کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ سیلابی صورتحال میں حکومت کہیں نظر نہیں آرہی ، بری ، نیوی فوج اور ائیر فورس ہمارے ہی ادارے ہیں ، سب ادارے حکومت کے ہیں۔ فواد چودھری کہتے ہیں کہ وہ آئی ایم ایف کی شرائط نہیں مانیں گے، شوکت ترین اورتیمور سلیم جھگڑا کی گفتگو سے پہلے فواد چودھری نے بیان دیا۔


