چینی پر سبسڈی کے نام پر اربوں روپے ہڑپ کیے گئے، وزیراعظم

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے تین سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ چارجزختم کرنے کا اعلان کردیا۔ اس سے قبل 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کیے گئے تھے۔ ن لیگ کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے معیشت کو تباہ کیا۔ انہوں نے ڈالر کمانے کیلئے چینی برآمد کرنے کی اجازت دی، نواز شریف دور میں چینی 52 روپے کلو تھی، پی ٹی آئی حکومت میں چینی 100 روپے سے زائد پر فروخت ہوئی، چینی پر سبسڈی دینے کا کوئی جواز نہیں تھا، چینی پر سبسڈی کے نام پر اربوں روپے ہڑپ کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ نااہل، کرپٹ حکومت نے عام آدمی کی زندگی میں بہتری کے لیے رتی برابر کوشش نہیں کی، جب ان کو اپنی کو چھٹی کا اندازہ ہوگیا تو کسی نے عمران نیازی کو پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے کا مشورہ دیا۔ عمران خان کے پاس دماغ تو ہے نہیں۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو کہہ کر قیمتیں گرا دیں۔ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے معیشت کو تباہ کیا۔ چار ماہ میں پہلے پیٹرول کی قیمتیں بہت بڑھیں پھر کم کی گئیں، اگر میرے بس میں ہوتا تو کمی کرتا، میں وہی خادم ہوں، یہ کیسے ممکن ہے میں مہنگائی کا بوجھ ڈالتا، ہمارے بس میں نہیں، ساری رات سوچ کر 2 روپے 7 پیسے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ مجبوراً کرنا پڑا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان سے بڑا جھوٹا، مکار، فریبی دھوکے باز اور پاکستان دشمن دنیا میں آج تک پیدا نہیں ہوا، جب آئی ایم ایف کا وقت قریب آرہا تھا تو خیبر پختونخوا کا خط آئی ایم ایف کو پہنچ گیا، پنجاب کا خط کہیں اٹک گیا، اس کے بعد کسی کو کوئی شک ہے کیا؟ ہم نے مشکل فیصلے لیے ہیں اس کی وجوہات بتاؤں گا۔ انہوں نے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جون، جولائی میں فیول ایڈجسٹمنٹ بڑھنے سے عام آدمی کے طوطے اڑ گئے، ڈرائیور بیچاروں کوبھی 18 ہزارکے قریب بل آگئے تھے، پہلے مرحلے میں 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کو ختم کیا، اس مہنگائی کے بعد مڈل کلاس طبقے کا مشکل حال ہے، آج 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے چارجز نہیں دینے پڑیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں