سیلاب متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ضیا لانگو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہے اور اس سلسلے میں محکمہ پی ڈی ایم اے مون سون بارشوں کے باعث صوبے میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جو اقدامات متعلقہ صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر رہی ہیں وہ اقدامات قابل ستائش ہیں۔ مشیر داخلہ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کے تمام تر وسائل اس وقت سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ مشیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان کے دوردراز علاقوں کے متاثرین کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے اورضروری سامان،ادویات اور اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو محکمہ پی ڈی ایم اے آفیسران متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت حقیقی معنوں میں عوامی نمائندگی کر رہی ہے اور سیلاب زدگان کی اپنے گھروں کو واپسی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مشیر داخلہ نے واضح کیا کہ بلوچستان میں بحالی کاکام بہتر طور پر جاری ہے،صوبہ سیلابی صورتحال سے متاثر ہوا ہے، متاثرہ علاقوں میں روڈ انفراسٹرکچر اور بجلی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ مشیر داخلہ میر ضیاءکا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تفصیلی اسسمنٹ ہو گی اور اس ضمن میں بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔


