جیکب آباد سیم نالے میں تین شگاف، 3یونین کونسلز کے 20 دیہات زیر آب، فصلیں تباہ

جیکب آباد (انتخاب نیوز) جیکب آباد میں سیم نالے کو لگنے والے تین شگاف نے 3یونین کونسلز کے 20 دیہات کو ڈبو دیا، گھر اور فصلیں تباہ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد شہر کے قریب سندھ بلوچستان کی سرحدی پٹی سے گذرنے والے سیم نالے کو تین جگہوں پر شگاف پڑنے کی وجہ سے جیکب آباد کی 3یونین کونسلز یوسی دشتی، یوسی بقاپور اور یوسی احمد پور کے 20سے زائد دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں سیم نالے کو تین جگہوں پرپڑنے والے شگاف سے پانی نے کئی گھروں اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو تباہ کردیا ہیں، سیم نالے سے آنے والے سیلابی پانی کے بعد متاثرین نے سندھ بلوچستان کو ملانے والی شاہراہ پر پناہ لے لی ہے،ملنے والی اطلاعات کے مطابق سیم نالے کو بلوچستان کے لوگوں نے کٹ لگا کر پانی کا رخ جیکب آباد کی طرف موڑ دیا ہے جبکہ کافی دنوں سے اس معاملے پر جیکب آباد اور بلوچستان کے ضلع جعفرآبادکی انتظامیہ کے درمیان اختلافات چل رہے ہیں اور بلوچستان کے لوگوں کی جانب سے کئی بار سیم نالے کو مختلف مقامات پر کٹ لگائے گئے ہیں جس کی وجہ سے جیکب آباد کے کئی علاقے ڈوب چکے ہیں معلوم ہوا ہے کہ بلوچستان کے بااثر افراد اپنی فصلیں بچانے کے لیے سیم نالے کو باربار کٹ لگا رہے ہیں۔مقامی زمیندار صابر کھوسو نے بتایا کہ سیم نالے کو شگاف پڑنے سے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فیصلیں تباہ ہوچکی ہیں اور ہمارے گھر ڈوب گئے ہیں جس سے کروڑوں کا نقصان ہوا ہے، سندھ حکومت متاثرین کی مدد کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کو چاہئے کہ وہ سیلاب و بارش متاثرین کے کھانے پینے سمیت ان کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائیں ورنہ لوگ بھوک اور پیاس سے مرنہ جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں