گنداواہ بجلی ٹرانسمیشن لائن بری طرح متاثر، سیلاب کے باعث بحالی میں مشکلات
بختیار آباد (انتخاب نیوز) گنداواہ 33 ہزار KV بجلی ٹرانسمیشن لائن کی بحالی میں شدید مشکلات درپیش، سیلابی صورتحال کے باعث ہیوی مشینری کی سائٹ تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے کام کی رفتار سست ہے، ایس ڈی او کیسکو سید نیاز حسین شاہ تفصیلات کے مطابق ایکسیئن کیسکو وریام خان منجھو کے احکامات پر ایس ڈی او کیسکو بختیار آباد سید نیاز حسین شاہ کی نگرانی میں گنداواہ 33 ہزار کے وی ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، ایس ڈی او کیسکو سید نیاز حسین شاہ نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ بجلی کے پولوں کی بحالی کا کام زور و شور کے ساتھ جاری ہے، سیلاب کے باعث گنداواہ بجلی ٹرانسمیشن لائن بری طرح متاثر ہو چکا ہے، علاقے میں سیلابی پانی موجود ہونے کی وجہ سے ٹرانسمیشن لائن کی بحالی میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔ سیلابی صورتحال کے باعث سائیٹ پر متاثرہ پولوں تک ہیوی مشینری کی رسائی ممکن نہیں۔ جس کی وجہ سے کام کی رفتار انتہائی سست ہے انہوں نے کہا ہے کہ گنداواہ سمیت ملحقہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لئے پرعزم ہیں۔ بجلی نہ ہونے کے باعث عوام کی مشکلات کا احساس ہے لیکن سیلابی صورتحال کے باعث بجلی کی بحالی میں مزید کچھ دن لگ سکتے ہیں۔


