حکومت مطالبات پر عمل درآمد نہ کرسکی، حقدو تحریک کا پھر دھرنے کا اعلان

گوادر (بیورو رپورٹ) صوبائی حکومت مطالبات پر عملدرآمد نہ کرسکی، حق دو تحریک نے ایک مرتبہ پھر 27 اکتوبر کو غیر معینہ مدت کے لیے تاریخی دھرنے کا اعلان کر دیا۔ اب کی بار مطالبات منوا کر رہیں گے، صوبائی حکومت کرپشن زدہ ہے، ساحل بلوچستان میں غیر قانونی ٹرالنگ کا سلسلہ پھر سے شروع ہوگیا، بارڈر پر کاروبار کی بندش ہے، بیورو کریسی کرپٹ بن گئی، حق دو تحریک کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی شاندار ہے۔ عوامی حقوق کی پاسداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان نے شہدائے جیونی چوک پر منعقدہ جلسہ نما عوامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ حق دو تحریک نے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کی حل کے لیے پچھلے سال وائی چوک پر 32 روز پر محیط تاریخی دھرنا دیا، اس دوران خواتین، مردوں، بچوں کی تاریخی ریلیاں بھی نکالی گئیں اور کفن پوش ریلی بھی نکالی گئی۔ جلسوں اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی چلتا رہا 32 دنوں کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو اور ان کی ٹیم نے احتجاجی دھرنے میں آکر باقاعدہ تحریری صورت میں ہمارے مطالبات مان لیے۔ لیکن کئی عرصہ گزرنے کے باوجود ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہیں کیا جاسکا۔ جس پر ہم نے عوامی مطالبات کے پیش نظر ایک مرتبہ پھر 27 اکتوبر کو تاریخی دھرنا دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قدوس بزنجو علاقے کے ایم پی اے سمیت مختلف ادارے مال بنانے میں مصروف ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے پاس فشریز محکمہ کا اضافی چارج بھی ہے جو بھتہ خوری میں ملوث ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی ایما پر ساحل بلوچستان میں ایک مرتبہ پھر غیر قانونی ٹرالنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ محکمہ فشریز سمیت صوبائی حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔ اور بھتہ خوری میں مصروف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاک باڈر پر مقامی افراد کے لیے کاروبار پر قدغن لگادی گئی ہے سیکورٹی ادارے ایک مرتبہ پھر عوام کو سیکورٹی کے نام پر تنگ کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کہہ چکے ہیں کہ وہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پھر سے چیک پوسٹیں لگانے کی تیاریاں کررہے ہیں تاکہ صوبے کے غریب عوام کو ایک مرتبہ پھر سیکورٹی کے کے نام پر تذلیل کی جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ حق دو تحریک کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ہمارے کارکنان نے ہر موقع پر عوام کے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انھوں نے عوامی پریس کانفرنس کے ذریعے اپنے 12 مطالبات پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 27 اکتوبر کو وائی چوک پر ایک مرتبہ پھر غیر معینہ مدت کے لیے تاریخی دھرنا دیا جائے گا۔ اس موقع پر مکران بھر سے حق دو تحریک کے کارکنان بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں