بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں، زمینی حقائق کو دیکھ کر پالیسی بنانا ہو گی، شیزہ فاطمہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں انہیں مناسب مواقع دینے کی ضرورت ہے ہم وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کرکے باعزت روزگار کے مواقع فراہم کررہے ہیں اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان ہمارا ساتھ دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ TVETسیکٹر سپورٹ پروگرام (GIZ) کے اشتراک سے منعقدہ سیشن کے موقع پر کیا۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنما وسابق وزیر صحت بلوچستان رحمت صالح بلوچ اور مختلف صوبائی محکموں کے سیکرٹریز بھی موجود تھے اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی ،سنیئر نائب صدر محمد ایوب مریانی اور نائب صدر امجد علی صدیقی و دیگر نے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان اور اس کے وفد کو ایوان صنعت و تجارت آنے پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بلوچستان مواقعوں کی سر زمین ہے مگر ماضی میں حکومتی عدم توجہی اور نوجوانوں کی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے بے روزگاری بلوچستان کے بڑے مسائل میں سے ایک بن چکی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ریسرچ اور ڈیٹا کی عدم دستیابی بھی مسائل کا باعث بن رہے ہیں ،حکومت کو بلوچستان کے زمینی حقائق کو دیکھ کر پالیسی سازی کرنا ہو گی بدقسمتی سے بلوچستان میں بنکوں سے قرضوں کی وصولی کے لئے ایسے شرائط رکھے جاتے ہیں جنہیں پورا کرنا بہت مشکل ہوا کرتا ہے جو لوگ شرائط پورے کرتے ہیں انہیں قرضوں کی فراہمی میں پس وپیش سے کام لیا جاتا ہے ایک طرح سے بلوچستان کو قرضوں کے حوالے سے ریڈ زون ڈیکلیئر کر دیا گیا ہے،انہوں نے بلوچستان کے بے روزگار نوجوانوں کو وزیراعظم لون پروگرام کےلئے شرائط کو سہل کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ بلوچستان میں پائی جانے والی معدنیات ،پیدا ہونے والے پھلوں سبزی جات و دیگر کی ویلیو ایڈیشن کے لیے کام کی ضرورت ہے،انہوں نے بلوچستان کے حوالے سے طویل المدتی منصوبہ بندی اور صوبے میں موٹر ویز اور شاہراہوں کی حالت زار بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ اس میں شک نہیں کہ بلوچستان لینڈ آف اپرچونیٹیز ہیں موجودہ وزیراعظم میاں شہباز شریف بلوچستان پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ہم بلوچستان کے زمینی حقائق کو مد نظر رکھ کر اقدامات کریں گے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم لون پروگرام کے ذریعے قرضوں کے لئے 12 ہزار نوجوانوں نے اپلائی کیا جن میں سے 675اہل قرار پائے بلکہ623 نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی بھی کر دی گئی ہے ان کا ہم اس سلسلے میں ٹول کٹس بنائیں گے جن سے نوجوان قرضوں کے حصول کے لئے آگاہی حاصل کر سکیں گے،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سکلز پروگرام کے تحت ہم بچیوں کو ہنر مند بنانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے پچھلے دور حکومت میں ٹیکنیکل اداروں سے تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کو کٹس کی فراہمی شروع کر دی تھی جسے بعد میں ختم کر دیا گیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تاجر اور صنعتکار صوبے کی نوجوانوں کی سرپرستی کےلئے حکومت کا ساتھ دیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں ہم اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔آخر میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کی جانب سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔


