اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں بلوچستان کے طلبہ سے متعصبانہ رویہ قابل مذمت ہے، بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی
بہاولپور (انتخاب نیوز) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں اسکالر شپ پر زیر تعلیم بلوچستان کے طلبہ سے فیس وصولی اور متعصب رویہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری بیان میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں زیر تعلیم بلوچستان کے طالبعلموں سے فیس طلبی، مختص نشستوں کے خاتمے اور جامعہ میں طالبعلموں سے ناروا اور متعصبانہ سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی اداروں کی عدم دستیابی کے باعث پنجاب سمیت دیگر صوبوں کی جانب رخ کرنے والے طالبعلموں کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا نہایت ہی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک ایسا خطہ ہے، جہاں تعلیمی نظام نہایت ہی مخدوش اور ابتر ہے۔ بلوچستان میں نہ صرف تعلیمی اداروں کی کمی ہے بلکہ قائم شدہ تعلیمی ادارے بھی کھنڈر کا منظر پیش کررہے ہیں اور دن بہ دن مختلف معاشی مسائل کا شکار ہو کر دیوالیہ ہوتے جارہے ہیں۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں کی دیوالیہ ہونے کا ازالہ طالبعلم بھاری فیسیں بھر کر بھگت رہے ہیں۔ اس کے علاوہ تمام تر تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں جس کے باعث طالبعلم معیاری تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسطرح کے حالات میں بلوچستان کے طالبعلم ایک مجبوری کے تحت ہزاروں میل سفر کرکے پنجاب سمیت دیگر صوبوں کی جانب رخ کرتے ہیں لیکن گزشتہ چند سال سے دیگر صوبوں کی جانب رخ کرنے والے ان طالبعلموں کی راہ میں بھی رکاوٹیں حائل کرنے کی منظم کوششیں کی جارہی ہیں، جس کی واضح مثال ہر سال مختص نشستوں میں کمی اور حکومت کی جانب سے منظور شدہ اسکالر شپ کا خاتمہ بھی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب سمیت دیگر صوبوں کی جامعات میں بلوچستان کے طالبعلموں کو انتظامی طور پر متعصب رویوں کا شکار بنا کر امتیازی سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ اس طرح کے رویے طلبہ کو ذہنی کوفت اور غیر محفوظ جیسے ماحول کو پروان چڑھا کر طلبہ کی تعلیمی کیریئر میں رکاوٹ کا باعث بنے گی۔ بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان و دیگر صوبوں میں جاری اسکالر شپس کا مستقل حل نکالتے ہوئے عملی اقدامات کریں تاکہ ہزاروں طالبعلم ہر سال علمی میدان میں مستفید ہوسکیں اگر حکومت کی جانب سے طلبہ مسائل کے حل کےلیے سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو تنظیم دیگر تنظیموں سے ملکر جمہوری طرز عمل اپناتے ہوئے سخت احتجاجی عمل اپنائے گی۔


