جام بزنجواختلافات کا خاتمہ پارٹی اور صوبے کے مفاد میں خوش آئند ہے، ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ(انتخاب نیوز)مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور جام کمال خان کے درمیان اختلافات کے خاتمے کو پارٹی اور صوبے کے مفاد میں خوش آئند قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی جام کمال خان کے گھر آمد اور گلے شکوے دور کرنا نہایت خوش آئند بات ہے اور کچھ عرصے سے دونوں رہنماﺅں کے درمیان جاری سیاسی اختلافات کے خاتمے سے صوبے کو فائدہ پہنچے گا۔جام بزنجو مفاہمت سے دونوں کے درمیان سیاسی اختلافات سے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے منصوبے خاک میں مل گئے ہیں اوراختلافات کو ہوا دینے والوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے ۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے تہنیتی پیغام میں جام کمال خان اورعبدا لقدوس بزنجو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما بلوچستان عوامی پارٹی کا سرمایہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کسی بھی پارٹی میں ہو سکتے ہیں لیکن مل بیٹھنے سے یہ اختلافات ختم بھی ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات سے قبل دونوں رہنماﺅں کا مل بیٹھنا صوبے کے مفاد میں ہے اور ہم دونوں رہنماﺅں کے سیاسی تجربے سے بلوچستان عوامی پارٹی کو مزید فعال بنائیں گے ۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی عوام کے دلوں کی آواز ہے اور وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو بالکل درست سمت میں بلوچستان کو ترقی کی راہ پر لے جارہے ہیں ۔موجودہ حکومت میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہترہونے کے ساتھ ساتھ صحت سمیت دیگر سہولیات صوبے کے دور دراز علاقوں میں بھی پہنچائی گئیں۔ موجودہ حکومت نے بلوچستان اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے جو کام کئے ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی جبکہ سابقہ ادوار میں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان گورنمنٹ نے بلوچستان کے عوام کی اس محرومی کے ازالے کے لئے بلوچستان کے کونے کونے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے جس کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے اور کھوکھلے نعروں سے بلوچستان کے عوام کو بیوقو ف نہیں بنایا جاسکتا ۔بلوچستان کے عوام باشعور ہو چکے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ بلوچستان عوامی پارٹی ہی ان کے مسائل حل کر سکتی ہے۔ بلوچستان کے عوام نے نام نہادخیر خواہوں اورمفاد پرستوںکو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔ حالیہ بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے دوران خاص کرضلع لسبیلہ کے عوام نے دیکھ لیا ہے کہ کون اُن کا خیر خواہ ہے اور کون صرف باتوں کا کھلاڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام آنے والے الیکشن میںنام نہاد اور مفاد پرست عناصر کو یکسر مسترد کر دیں گے ۔انہوں نے طوفانی بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کی بلوچستان گورنمنٹ کی حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان گورنمنٹ نے حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے احسن طریقے سے نمٹ کر ثابت کیا کہ وہ بلوچستان کے عوام سے مخلص ہیں اور عوام کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھتے ہیں ۔ہم سب بلوچستان کے مفادات اور دکھ سکھ میں ایک ساتھ ہیں ۔ گورنمنٹ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی جلد سے جلد بحالی کے کام کو ہنگامی طور پر سرانجام دیا اور بے گھر افراد کو ضروری امدادی سامان اور طبی سہولیات بہم پہنچائیںجس سے کافی حد تک جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوامی حمایت سے آئندہ الیکشن میں بھی مخالفین کو ناک آﺅٹ کرے گی اورکامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں