لیکس کے ذریعے حکمرانوں کے بھیانک چہرے بے نقاب ہورہے ہیں، عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ لیکس کے ذریعے حکمرانوں کے بھیانک چہرے بے نقاب ہورہے ہیں۔ عوام ان کے کالے کرتوت جان لیں اور ان ظالموں کو پہچان لیں ۔ مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سب ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔ ان کو نجات دہندے سمجھ کر ووٹ ڈالنے والے آئندہ عام انتخابات میںمحب وطن اور ایماندار قیادت کاساتھ دیں۔ جماعت اسلامی تمام لیکس کی جوڈیشنل انکوائری کا مطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا امریکی سازش کا بیانیہ بھی قوم پر آشکار ہوچکا ہے۔ قوم کو گمراہ کرنے کا سلسلہ اب ختم ہو نا چاہئے۔ حساس معاملات کو ملکی سیاست کا حصہ بنانا درست اقدام نہیں۔ اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے ، حساس نوعیت کے قومی معاملات اور بیرونی دنیا کے ساتھ تعلقات کو داﺅ پر لگا دینا ملک دشمنی ہے۔ انتشار اور افراتفری کی طرف ملک کو دھکیلنے کی سوچی سمجھی سازش ہورہی ہے۔اقتدار کے حصول کی دوڈ میں شامل جماعتوں کو عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں ۔ ملک کے چار کروڑ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں ، عوام مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہو کر خودکشیاں کررہے ہیںمگر مجال ہے کہ کسی بھی بڑی سیاسی جماعت کے نام نہاد قومی لیڈر کو یہ احساس ہوا کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ جماعت اسلامی کسی کوبھی ملک و قوم مستقبل ، اسلامی تشخص اور سلامتی کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں د ے گی۔حکومت متاثرین کو مکانات کی تعمیر کیلئے فی گھر دس لاکھ گرانٹ دے دیں ۔جانی نقصان کرنے والوں کو بھی فی الفور معاوضہ دیا جائے ۔حکومت منصفانہ سروے کرکے مال مویشی مکانات ودیگر نقصانات کا بہترمعاوضہ کاانتظام کریں بدقسمتی سے ایسے مواقع پر عالمی قومی سطح پر فنڈزجمع ہوجاتے ہیں لیکن بہتر منصفانہ انتظام واحتساب نہ ہونے کی وجہ سے فنڈزکرپشن کی نظرہوجاتے ہیں ۔متاثرین جماعت اسلامی الخدمت کے ہوئے ہوئے خودکو تنہانہ سمجھیں حکومت متاثرین کی بہتر معاونت کیلئے الخدمت فاﺅنڈیشن کی خدمات استعمال کریں ۔بارشوں نے بلوچستان کو دس سال پیچھے دھکیل دیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ متاثرین کی امداددیانت سے پریشان حال متاثرین پر خرچ کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں