ایوارڈ شو میں پہنے گئے لباس پر تنقید، ماہرہ خان کا ردعمل بھی سامنے آگیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان شوبز کی سپر اسٹار ماہرہ خان نے لباس پر تنقید کرنے والے ناقدین کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ماہرہ خان کو ٹورنٹو میں منعقد ہونے والے ہم ایوارڈ شو میں پہنے گئے لباس پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ جس پر ماہرہ خان نے وائرل ویڈیو پر تنقید کرنے والی ناقد خاتون کو کرارا جواب دیتے ہوئے انہیں کہا ہے کہ ’وہ جو کرتی ا?ئی ہیں، وہ کرتی رہیں گی‘۔رافعہ زکریا نامی ٹوئٹر صارف نے ماہرہ خان کی ہم ایوارڈز کی ایک وائرل ویڈیو پر کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ تھا کہ ’اب اداکارہ ویڈیو میں پہنے ہوئے چاروں جوڑے سیلاب متاثرین کو عطیہ کردیں گی‘۔ناقد خاتون نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’پاکستانی اداکار ٹورنٹو میں ہم ایوارڈز شو کے نام پر چھوٹے سے علاقے میں سجائے گئے ریڈ کارپٹ پر مشہور شخصیات ہونے کا ڈراما رچا رہے ہیں، انہوں نے مزید لکھا کہ ’ایوارڈز شوز میں ہم ٹی وی کو ہی فائدہ ہوتا ہے‘۔ماہرہ خان نے مذکورہ خاتون کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں جواب دیا کہ ’پاکستانی شوبز شخصیات کچھ بھی کرلیں مگر کوئی بھی شخص ان سے خوش نہیں ہوگا‘۔اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’وہ متاثرین کی مدد کرنے سمیت دیگر فلاحی کاموں میں اپنے حصے کا کام کرتی رہی ہیں اور کرتی رہیں گی‘۔ماہرہ نے کہا کہ ’ہاں وہ انہیں دکھانے کے لیے فلاحی کام کرتے وقت کچھ تصاویر اور ویڈیوز بنا کر انہیں خوش کر سکتی ہیں مگر پھر بھی لوگ ان سے خوش نہیں ہوں گے اور کہیں گے کہ شوبز شخصیات فلاحی کام کرتے وقت بھی دکھاوا کرتی ہیں‘۔ماہرہ خان نے مزید لکھا کہ ’اگر وہ فلاحی کام کرتے وقت ویڈیوز بناتی ہیں تو انہیں طعنے دیے جائیں گے کہ صدقہ کرتے وقت بھی دکھاوا کر رہی ہیں، اس لیے جو ان پر تنقید کر رہے ہیں، وہ اپنا کام جاری رکھیں اور اداکارہ اپنا کام جاری رکھیں گی‘۔