منی لانڈرنگ کیس،شہبازشریف پیش ،حمزہ کا میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرایا گیا
لاہور(انتخاب نیوز)لاہور میں ایف آئی اے کی سپیشل سینٹرل کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس وزیر اعظم شہباز شریف پیش ہوئے جبکہ حمزہ شہباز شریف میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرایاگیا ۔ہفتہ کو ایف آئی اے کی سپیشل سینٹرل کورٹ میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے جب کہ حمزہ شہباز کی جانب سے میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کروایا گیا، جس پر عدالت نے حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔جج اعجاز حسن اعوان کے روبرو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستوں پر دلائل شروع ہوئے۔ وکیل امجد پرویز نے شہباز شریف کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ پراسیکیوشن کی کہانی ایک افسانہ ہے۔ کیس کے کسی بھی صفحے پر شواہد موجود نہیں ہیں۔شہباز شریف کے وکیل کا کہنا تھا کہ کہا گیا کہ رقوم کی بوریاں بھر بھر کر کیمپ آفس آتی تھیں، بینکوں کو رقوم بھیجنے کا بھی کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔ یہ مقدمہ جھوٹ پر مبنی ہے۔ بے نامی اکاﺅنٹ کا شہباز شریف سے تعلق ثابت نہیں ہوتا۔ منی لانڈرنگ کا صرف الزام ہے، کوئی گواہ یا ثبوت نہیں ہیں۔سماعت کے دوران شہباز شریف روسٹرم پر موجود تھے۔ عدالت سے بات کرنے کی اجازت طلب کرنے کے بعد شہباز شریف نے بتایا کہ میرے بطور وزیر اعلیٰ 3 ادوار میں اور اب وزیر اعظم پاکستان کے طور پر بھی، میں نے تمام اخراجات خود کیے۔ میں نے کوئی تنخواہ نہیں لی، جو 8، 10 کروڑ ٹی اے ملا کر بنتی ہے۔ اس کے علاوہ ہوٹلوں کے اخراجات بھی خود کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب میں اپنے اخراجات نہیں لے رہا تو میں پچیس لاکھ کیوں لوں گا؟۔بعد ازاں عدالت نے شہباز شریف کو جانے کی اجازت دے دی۔


