بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، سیلاب متاثرین میں 65 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم
اسلام آباد(ویب ڈیسک) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) کے ذریعے وزیر اعظم کے سیلاب ریلیف کیش اسسٹنس کے تحت پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کو 25 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے اور اب تک مجموعی طور پر 26 لاکھ3 ہزار متاثرہ خاندانوں میں 65 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔
بی آئی ایس پی کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خصوصی ادائیگی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن کے ذریعے اب تک سندھ میں 18 لاکھ خاندانوں کو 45 ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ بلوچستان کے 2 لاکھ سے زائد متاثرہ خاندانوں کو5 ارب روپے سے زائد کی رقم فراہم کی گئی ہے۔
خیبر پختونخواہ کے 3 لاکھ خاندانوں کو7 ارب 40 لاکھ روپے ادا کئے جاچکے ہیں۔ پنجاب میں 3 لاکھ 20 ہزار خاندانوں کو 8 ارب سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے اور گلگت بلتستان کے 442 خاندانوں کو1 کروڑ 10 لاکھ کی رقم فراہم کی گئی ہے۔


