بلوچستان ہائیکورٹ کی پبلک سروس کمیشن کو موٹروے پولیس میں بھرتیوں کے عمل کو فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت


کوئٹہ:عدالت عالیہ بلوچستان نے اپنے ایک عبوری حکم میں سیکرٹری مواصلات حکومت پاکستان اور سیکرٹری محکمہ خزانہ حکومت پاکستان کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹر وے پولیس بلوچستان کے تمام مطالبات پر غور کرکے مطلوبہ فنڈز جاری کریں تاکہ این-50 کے لیےgadget(ریکوری گاڑیاں) حاصل کی جاسکیں۔چیئرمین پبلک سروس کمیشن بھی موٹر وے پولیس میں امیدواروں کی بھرتی کے عمل کو جلد از جلد مکمل کریں۔ممبر این ایچ اے بھی اپنے حدود میں موٹر وے پولیس کے تمام مسائل پر غور کرکے حل کریں۔چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے موٹروے پولیس کے تمام مسائل حل کریں۔اس حوالے سے عدالت نے ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل،سیکرٹری محکمہ مواصلات حکومت پاکستان اور سیکرٹری محکمہ خزانہ حکومت پاکستان کی جانب سے پیش رفت کی رپورٹ جمع کرنے کا بھی حکم دیا۔کیس کی اگلی سماعت جون کے دوسرے ہفتے میں ہوگی۔