الیکشن کمیشن کا فیصلہ شرمناک ہے، عوام قبول نہیں کریں گے، پی ٹی آئی بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے زیراہتمام اتوار کو پارٹی کے صوبائی سیکرٹری شہباز ٹاون سے سابق ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی وپی ٹی آئی کے صوبائی صدر قاسم خان سوری کی قیادت میں جمعہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں نا اہل قرار دینے کی خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی منان چوک پہنچی ریلی کے شرکاءنے وفاقی حکومت اورالیکشن کمیشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی یلی کے شرکاءنے ٹائر جلاکرجناح روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے صوبائی صدرقاسم خان سوری ، ضلع کوئٹہ کے صدر و صوبائی وزیر مبین خان خلجی ، عبدالباری بڑیچ ،نوابزادہ شریف جوگیزئی ، عادل بازئی ،آصف ترین ، سید صادق آغا،داود خان ، عالم کاکڑ،منورہ منیر،داود شاہ کاکڑ،سردارزادہ ادریس تاج ، سردارزین العابدین خلجی ، نصیب اللہ بیٹنی ،نورخان خلجی ،نعمت اللہ سلیمانخیل اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے امپورٹڈ حکمرانوں کی خوشنودی کیلئے ایک شرمناک فیصلہ دیا ہے جسے پاکستان اور بلوچستان کے عوام کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے پاکستان کے عوام نے امپورٹڈ حکمرانو ں کو مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پی ڈی ایم اور امپورٹڈ حکمرانوں کی بی ٹیم کا کردارادا کررہا ہے پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن سے اسی فیصلے کی توقع تھی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پہلے ہی الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کرچکی ہے اوراسکے کسی بھی فیصلے کو قبول نہیں کریگی پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج کریگی اور ہمیں امید ہے کہ عمران خان کو انصاف ملے اور وہ باعزت بری ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعدپی ٹی آئی کے کارکنوں اورعوام کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج اس بات کی دلیل ہے کہ عمران خان ملک کے سب سے مقبول لیڈرہیں۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی پاداش میں پی ٹی آئی کے قائدین کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایاجارہاہے لیکن ہم امپورٹڈ اور نااہل حکمرانوں کو بتادینا چاہتے ہیں کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی کے کارکنو مرعوب نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ملک بھرمیں عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں جنہیں اب روکنا امپورٹڈحکمرانوں کے بس کی بات نہیں ہے اگر امپورٹڈ حکمرانوں نے کارکنوں کے خلاف طاقت کااستعمال کرنے کی کوشش کی تواس سے ملک کے حالات خراب ہونگے جس کی تمام ترذمہ داری امپورٹڈ اور نا اہل حکومت پرعائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح آج کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاجی ریلیاں اور پریس کلبز کے سامنے احتجاج کیا ہے اور یہ احتجاج مزید سخت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں