بلوچستان میں جدید سہولیات کی حامل کرکٹ اکیڈمی قائم کریں گے،شاہد آفریدی
کوئٹہ:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا کہ وہ صوبہ بلوچستان میں جدید سہولیات کی حامل کرکٹ اکیڈمی قائم کریں گے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکے کیونکہ صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اور کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولت میسر ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کے ہمراہ ایوب اسٹیڈیم میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کا فروغ شروع دن ہی سے موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رہا ہے۔ صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں نئے اسپورٹس گرا¶نڈز اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر اور پہلے سے موجود انفراسٹرکچر کی بحالی و بہتری کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو کھیلوں کے لئے درکار دیگر تمام سہولیات کی فراہمی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لیے ان کی بھر پور حوصلہ افزائی کے سلسلے میں ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت کے ان اقدامات کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں اور صوبے میں مختلف سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور میدانوں کو آباد رکھ کر ہم شہر میں قیام امن کے ساتھ ساتھ اپنی نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور اور صحت مند مثبت سرگرمیوں کو فروغ دے سکتے ہیں۔ صوبائی حکومت شہر میں کھیلوں کے فروغ اور کھیلوں کے میدانوں کی آبادکاری کے لئے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے ایوب اسٹیڈیم میں زیر تعمیر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ بھی کیا جس میں سوئمنگ پول، کرکٹ گرا¶نڈ، والی بال، فٹبال گرا¶نڈ، بیڈمنٹن کورٹ، مارشل آرٹس کلب و دیگر زیر تعمیر منصوبے شامل تھے۔


