باجوڑ، سیکورٹی فورسز اور تخریب کاروں کے درمیان فائرنگ، 2 اہلکار جاں بحق، مشتبہ شخص ہلاک
باجوڑ (انتخاب نیوز) باجوڑ کے علاقے ہلال خیل میں سیکورٹی فورسز اور تخریب کاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک مشتبہ شخص ہلاک ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک مشتبہ شخص ہلاک ہوا جس سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک مشتبہ شخص سیکورٹی فورسز کیخلاف تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث رہا، سیکورٹی فورسز اور تخریب کاروں میں فائرنگ کا تبادلہ گزشتہ رات ہوا، علاقے سے تخریب کاروں کے خاتمے کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران فوج کے دو بھی اہلکار جاں بحق ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں نائیک تاج محمد اور لانس نائیک امتیاز خان جاں بحق ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نائیک تاج محمد کی عمر 33 سال تھی جو کوہاٹ کا رہائشی جبکہ لانس نائیک امتیاز خان کی عمر 30 سال تھی مالاکنڈ کے رہائشی تھے۔


