جو سیاستدان ملک اور فوج کے خلاف بولتے ہیں انہیں تا حیات نا اہل قرار دیکر سخت سزا دی جائے،سنی علماکونسل

کوئٹہ (انتخاب نیوز)سنی علماکونسل بلوچستان کے رہنمامولانا رمضان مینگل نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو سیاستدان ملک اور فوج کے خلاف بولتے ہیں انہیں تا حیات نا اہل قرار دیکر سخت سزا دی جائے کیونکہ گزشتہ کچھ عرصہ سے مملکت خدا داد پاکستان کے اندر سیاسی کشمکش کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہے حالانکہ سیاست اور تعمیری اختلافات جمہوریت کا حسن ہے مگر بعض ناعاقبت اندیش سیاستدان کرسی کی خاطر ملک کی بقااور سا لمیت کو دا پر لگا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں اپنے دیگر ساتھیوں عبدالرحیم ساجد، مولانا حقانی، مولانا مقبول الرحمان شاہ، قاری ارشد ہاشمی، آصف مینگل، شکیل احمد، قاری سلیم، فضل احمد صدیقی، حق نواز سریابی، قاری محمد اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کی ترقی اور معیشت کے فروغ سمیت سیاسی استحکام کے لئے کردار اد اکرنا چاہئے ہمیں ذاتی مفاد پر ملکی اور قومی مفاد کو ترجیحی دینی چاہئے ملک سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہے سب کو مل بیٹھ کر ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالنا ہوگا ملکی اداروں پر بے بنیاد تنقید سے اجتناب کیا یہ وقت الزام تراشی کا نہیں افواج پاکستان اور ملک کی سلامتی کے لئے سب اداروں نے قربانیاں دیکر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک اورقوم کی حفاظت ممکن بنائی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں دہشت گردی، سیلاب، زلزلہ یا کوئی بھی قدرتی نا گہانی آفت ہو۔ فوج نے ہی ملک اور قوم کو سنبھالا ہے ہم نے ملکر امن اور بھائی چارہ اتفاق، اتحاد قائم کرنا ہے گمراہ کن اور بے بنیاد پروپیگنڈہ سے اجتناب کیا جائے راستے اور سڑکیں بند کرکے عوام اور مریضوں کے لئے مشکلات پیدا نہ کی ہمارا دین بھی اس کی اجازت نہیں دیتا کچھ سیاستدان اپنے مفادات اور کرسی کے نشے میں پاکستان کی مقتدر قوتوں، اداروں اور پاک فوج کے خلاف زہر اگل رہے ہیں جس سے ملک کی معیشت تباہ اور سا لمیت کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ سنی علماکونسل بلوچستان ایک محب وطن، پر امن مذہبی جماعت ہے ایسی گھنانی سازشوں کی مذمت کرتے ہیں اور ملک بھر کی سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ملک پہلے ہی سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہے بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر اسے نان شبینہ کا محتاج بنادیا ہے ہمیں اپنی کمزوریوں کو چھپانے کیلئے سادہ لوح عوام کو گمراہ کرنے سے گریز کرنا چاہئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ملکر ملک کی معیشت کو مضبوط، بقااور سا لمیت کو یقینی بنائیں کیونکہ اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی سے ہمارے دشمن فائدہ اٹھا سکتے ہیں ہمیں اپنی فوج، اداروں اور ملک کو مضبوط بنانا ہے ہمارا چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ ہے کہ فوج اور ملک کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں نا اہل قرار دیکر سزا دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں