بلوچ لاپتہ افراد کا مسئلہ حل ہونے سے بلوچستان میں امن اور ترقی ہوگی، جمال رئیسانی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے سیاسی قیادت اور ریاستی اداروں کا ایک پیج پر ہونا خوش آئند ہے۔ مثبت پیش رفت سے بلوچستان میں دائمی امن اور ترقی کی راہ میں حائل مشکلات کے سدباب میں مدد ملے گی۔ یہ بات وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر برائے یوتھ افیر نوابزادہ جمال رئیسانی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے سابق سیکرٹری اطلاعات وترجمان چوہدری شبیر کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی احساس اور عوامی سوچ کا نام ہے، پرامن خوشحال بلوچستان ہمارا وژن اوربلوچستان میں امن کا قیام عوام کو درپیش دیرینہ مسائل کا حل، ساحل و وسائل پر عوامی حق حاکمیت کو یقینی بنانا، بی اے پی کی قیادت کا مشن ہے۔ میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں حکومت کی کوشش ہے کہ نہ صرف ماضی میں بلوچستان کے عوام سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ممکن ہو بلکہ آئین پاکستان کے عین مطابق ہمارے جائز حقوق کا حصول ماضی میں ہونے والے سیاسی و معاشی کھلواڑ کا انتہائی مثبت انداز میں دائمی حل یقینی ہو یہ ہی ہمارا مقصد اور ہماری سیاسی منزل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں