خان صمد خان کے فلسفے کے تحت ہی پشتونخوا میپ اپنا مقصد حاصل کرسکتی ہے، نسیمہ پانیزئی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کی سابق رکن قومی اسمبلی نسیمہ حفیظ پانیزئی نے خان عبدالصمد خان اچکزئی کو ان کی 49ویں برسی پران کی قومی، وطنی، سیاسی، جمہوری، پشتو لکھ دود کی خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ خان کے ویژن پر چل کر ہی ان کی شروع کردہ تحریک کو منزل مقصود تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے زیر اہتمام 2 دسمبر کو خان کی برسی کا کامیاب اور عظیم الشان جلسہ عام میں ہزاروں افراد نے جنوبی پشتونخوا، تمام اضلاع اور ملک کے مختلف علاقوں سے شرکت کی یہ پشتونخوامیپ کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کے بیانیے پر کھلے اعتماد کا مظہر تھا۔ سرخیل خان عبدالصمد خان اچکزئی نے زمانہ طالب علمی سے پشتونوں پر فرنگی استعمار کے ظلم وجبر اور پشتونوں کی قومی برابری وسیالی، پشتونوں کی قومی وحدت، ملی تشخص ان کے وسائل پر انہیں واک واختیار دلانے کیلئے جدوجہد شروع کی اور اس کٹھن جدوجہدکی راہ میں نہ صرف خان کو سالہا سال قید وبند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں بلکہ انہیں 2 دسمبر 1973ء کو اپنے ہی گھر میں جاں بحق کردیا گیا۔ اس قومی، سیاسی، جمہوری جدوجہد کی راہ میں خان عبدالصمد خان اچکزئی نہ فرنگی استعمار اور نہ ملک کے قیام کے بعد آمرانہ قوتوں کے ظلم وجبر اور سزاؤں سے اپنی شروع کردہ تحریک سے دستبردار ہوئے اور نہ ہی کسی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ اور نہ ہی پشتونوں کے حقوق پر کسی کے ساتھ کوئی سودا بازی کی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کامیاب جلسے پر پارٹی کے تمام رہنماء وکارکن داد وتحسین کے مستحق ہیں اور ہمیں پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں جاری جدوجہد کو مزید تیز کرنا ہوگا۔


