نوشکی میں بھتہ گیری، زمینوں پر قبضے اور چوری ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں کا خاتمہ کیا جائے، نیشنل پارٹی

نوشکی (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے ڈسٹرکٹ ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ نوشکی میں بھتہ گیری، لینڈ مافیا گروپس کی قبضہ گیری اور چوری ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتیں تشویشناک ہیں کیونکہ ایک طرف مختلف طریقوں سے بھتہ گیری کی جاری ہے جن کا تعلق مختلف گروپس سے ہے، جنہوں نے مختلف طریقوں سے یہ وارداتیں سرانجام دیں۔ دوسری طرف لینڈ مافیا کے ایسے گروپس ہیں جوکہ مختلف تعلقات کی بناہ پر قبائلی زمینوں کو اپنے آقاؤں کے پشت پناہی کی شکل میں قبضہ کررہے ہیں جس سے قبائلی رنجشیں مزید بڑھیں گی اور علاقے میں امن و امان مزید ابتر ہوجائے گا کیونکہ نوشکی پہلے سے ان قبائلی تنازعات کا شکار ہے اور بھتہ گیر اور لینڈ مافیا گروپس مزید جلتی پر مزید تیل چھڑکنے میں مصروف ہیں۔ دوسری طرف ایک مرتبہ پھر چوری ڈکیتی کی وارداتیں بڑھ رہی ہیں، آئے روز گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چھیننے کی وارداتیں رونما ہورہی ہیں پہلے لوگوں سے موٹر سائیکل چھینی جاتی تھی اب تو گھروں سے گاڑیاں چوری ہورہی ہیں، پولیس اور انتظامیہ صرف لفاظی تک محدود ہے، آئے روز ایسی وارداتوں کا ہونا پولیس کی کارگردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ لہٰذا انتظامیہ اور پولیس ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ان بھتہ گیر لینڈ مافیا اور چوری و ڈکیتی میں ملوث گروپوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں، بصورت دیگر نیشنل پارٹی جلد ان کیخلاف احتجاج کی کال دے گی اور ان کیخلاف عوام کے ساتھ مل کر بھرپور مہم چلائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں