شدت پسندوں کو واپس لانے میں پی ٹی آئی کا ہاتھ ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ان کی مالی مدد کی، ایمل ولی
پشاور (انتخاب نیوز) سی ٹی ڈی سینٹر بنوں میں شدت پسندوں کی جانب سے اہلکاروں کو یرغمال بنانے اور کشیدہ حالات پر عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے باچا خان مرکز پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کے حالات کے ذمہ دار عمران خان ہے، جنہوں نے سیاست میں ٹی ٹی پی کی وکالت کی۔ صدر عارف علوی جنہوں نے 102 تخریب کاروں کو رہائی دلوائی۔ وزیراعلیٰ جنہوں نے بھتوں کے نام پر تخریب کاروں کو مالی مدد دی۔ وہ صوبائی ترجمان جو مان چکے ہیں کہ وہ افغانستان میں مورچوں میں راتیں گزار چکے ہیں۔ پختونخوا میں ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ پنجاب اور پختونخوا ایک ملک کے صوبے نہیں بلکہ ہمسایہ ممالک ہیں۔ اس بار جو ہوا ہے سب سے بڑا قصوروار وہ طالبان خان ہے جنہوں نے پاکستان کی سیاست میں طالبان کی وکالت کی۔ پختونخوا میں ایک طرف سی ٹی ڈی کو کمزور رکھا گیا دوسری جانب شدت پسندوں کیساتھ مذاکرات پی ٹی آئی حکومت کی ایماء پر شروع کئے گئے اور ان مذاکرات کے نتیجے میں شدت پسندوں کو واپس پختونخوا لایا گیا جنکا مقصد آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو سیکورٹی فراہم کرنا ہے۔


