وفاق پر حملے کیلئے بندوقیں اور بندے جمع کرنیوالوں نے خیبر پختونخوا کیلئے کچھ نہیں کیا، رانا ثنا
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ محکمہ انسداد تخریب کاری خیبرپختونخوا کے بارے میں قومی اداروں کی رپورٹ چشم کشااور پریشان کن ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ایک سال میں پختونخوا میں تخریب کاری کے300 واقعات کا ہونا سنگین صورتحال ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت سوئی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پختونخوا میں ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کے نہ ہی شہداء کے لئے پیسے ہیں، 9 سال میں کے پی میں یہ ترقی ہوئی؟۔ انہوں نے کہاکہ وفاق پر حملے کے لئے بندوقیں اور بندے جمع کرنے والوں نے سی ٹی ڈی ڈیپارٹمنٹ کی مضبوطی کے لئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ وفاق نے بھی خیبرپختونخوا کو پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار میں اضافے کی پیشکش کی تھی لیکن آج تک جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہاکہ سی ٹی ڈی شہداء پیکج پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 150 فیصد کا فرق کیوں ہے؟ صوبائی حکومت آنکھیں بند کئے کیوں بیٹھی رہی؟۔انہوں نے کہاکہ سی ٹی ڈی پنجاب اور سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی تنخواہوں میں 70 فیصد کا فرق ہے لیکن صوبائی حکومت نے آج تک اس پر بات نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے لئے کوئی ٹریننگ سکول ہی موجود نہیں، 9 سال میں کیوں اس پر توجہ نہ دی گئی؟۔ انہوں نے کہاکہ پورے صوبے میں ایس ایس پی رینک کے صرف ایک افسرکا تعینات ہونا عمران خان اور وزیراعلی کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ تخریب کاری کے معاملے پر عمران خان اینڈ راشی کمپنی کا رویہ مجرمانہ اور تخریب کاروں کی مدد کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہاکہ گھڑیاں چوری کرنے کا ٹائم تھا لیکن عوام کو تخریب کاروں سے بچانے کا ٹائم نہیں تھا؟۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی ڈیپارٹمنٹ کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کو وفاق اور اداروں سے لڑنے سے فرصت ملے تو تخریب کاروں کے مقابلے پر غور کرے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا میں 9 سال سے حکومت مسلط ہے اور کارکردگی صفر بٹا صفر ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی نالائقی اور کرپشن کی قیمت خیبرپختونخوا تخریب کاری کی صورت ادا کررہا ہے،عمران خان اسمبلیاں توڑنے میں اور دہشت گرد خیبرپختونخوا کے بے گناہ عوام کو قتل کرنے میں مصروف ہیں۔


