پروڈکشن آرڈر جاری کرو، علی وزیر کو رہاکرو، سینیٹرز کا اسپیکر ڈائس کے سامنے دھرنا
اسلام آباد (انتخاب نیوز) جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد اور عبد الاکبر چترالی اور محسن داوڑ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں علی وزیر کے پروڈکشن آر ڈر جاری نہ کر نے پر احتجاج کیا۔منگل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں احتجاج کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد نے کہاکہ علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرو، علی وزیر کو رہاکرو۔سینیٹر مشتاق احمد، عبدالاکبر چترالی اور محسن داوڑ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کے سامنے دھرنا دیدیا۔ اراکین ہاتھوں میں پوسٹراٹھا کر علی وزیر کو رہا کرو کے نعرے لگا رہے تھے۔ اجلاس کے دور ان گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈرزجاری کرنے کا ہمیشہ مطالبہ کرنے والے اسپیکر علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے سے گریزاں دکھائی دیئے، علی وزیر کا ووٹ لینے والی جماعتوں پی پی پی، مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی نے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر آنکھیں بند کرلیں تاہم پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی سینیٹر عابدہ عظیم نے بھی احتجاج میں شامل ہو کر سپیکر کے ڈائس کے سامنے دھرنا دیا۔


