بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، کوئٹہ میں جعلی اور مضر اشیا تیار کرنیوالے 5 پروڈکشن یونٹ پکڑ لیے
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی آپریشن ٹیموں نے غیر معیاری و جعلی مکھن تیار کرنے والوں کا مکروہ کاروبار پکڑ لیا ۔ بی ایف اے کی کاروائیوں کے دوران کوئٹہ شہر میں جعلی،ملاوٹ زدہ مکھن تیار و سپلائی کرنے والے 5 مکھن پروڈکشن یونٹ سیل کردئیے گئے ۔ مذکورہ کارخانوں سے کئی من جعلی و غیر صحت بخش مکھن اور ناقص اجزا برآمد ہوئے مکھن بنانے والے کارخانوں کے خلاف علمدار روڈ ، کواری روڈ ، سیٹلائٹ ٹان ، ہزارہ ٹان اور کاسی روڈ میں کاروائیاں کی گئیں ۔پروڈکشن یونٹس میں نکاسی آب ، صفائی و اسٹوریج کے انتظامات انتہائی ناقص ، پراسیسنگ احاطوں میں حشرات کی موجودگی اور مشینری بھی آلودہ پائی گئی ۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کا کہنا ہے کہ جعلی مکھن بڑے پیمانے پر شہر میں فروخت و سپلائی اور مٹھائیاں، ریوڑی، کڑاہی گوشت و دیگر اشیا تیار کرنے والے مراکز و ہوٹلوں کو سپلائی کیا جاتا تھا۔انھوں نے مزید واضح کیا کہ مضر صحت جعلی مکھن کو صحت بخش سمجھ کر صارف زیادہ مقدار میں استعمال کرتے ہیں جو انتہائی خطرناک ہے ناقص اجزاءسے تیار کردہ مکھن مختلف بیماریوں کا سبب بنتا ہے ۔ اس حوالے سے ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اشیا ءخوردونوش کی خریداری کے لیے ہمیشہ بااعتماد مراکز کو ترجیح دیں ، مکھن سمیت تمام اشیا خوردونوش ہمیشہ مستند اور معیاری ہی خریدی جائیں جبکہ اس ضمن میں کسی بھی شکایت کی صورت میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی سے رابطہ کریں تاکہ ذاتی فائدے کیلئے لوگوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت و بروقت کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کا کہنا ہےکہ ملاوٹ مافیا کی صورت میں چھپے صحت دشمن عناصر کے عزائم کو روکنے اور ان کی حقیقت کو بے نقاب کرنے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی آپریشنز ٹیمیں مسلسل فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں تاہم ناقص خوراک کی تیاری اور ملاوٹی اشیا کے مکمل خاتمے کیلئے ادارے کو عوام کا تعاون درکار ہوگا۔


