عمران خان جہاں کہیں گے وہیں ہمارا ووٹ ہوگا، مجلس وحدت مسلمین
لاہور (انتخاب نیوز) مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے اعلان کیا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کیلئے عمران خان جہاں کہیں گے وہیں ہمارا ووٹ ہو گا۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے لاہور زمان پارک میں سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے عمران خان کو پنجاب حکومت کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ عمران خان سے ملاقات کے بعد ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے تمام تحفظات عمران خان کو بیان کیے ہیں اور انہوں نے ان تحفظات کو حل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ عمران خان جہاں کہیں گے وہیں ہمارا ووٹ ہوگا، ان کا جو بیانیہ ہے وہ ہمارا بیانیہ ہے، کسی کی غلامی منظور نہیں، دین اور دستور یہی کہتا ہے۔ علامہ راجہ ناصر کاکہنا تھاکہ ہمارے فیصلے اسلام آباد میں ہوں گے، ہم نے کوئی سرکاری عہدے قبول نہیں کیے۔


