اپنے لوگوں نے عمران خان سے قانونی غلطیاں کروائیں، فیصل واوڈا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اورسابق وفاقی وزیر محمد فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ میں پنجاب سے ہو کر آیا ہوں، پنجاب میں پی ٹی آئی کے 40سے50تک ارکان عمران خان کوچھراگھونپنے کو تیار ہیں ، عمران خان کو وقت قریب میں پتا چلے گاکون ان کے ساتھ مخلص تھا اور کون نہیں۔قانونی پیچیدگیوں کو دیکھتے ہوئے میں کہہ سکتا ہوں کہ بات عمران خان کی نااہلی کی طرف چل پڑی ہے، سوال یہ نہیں ہے کہ عمران خان نااہل ہوں گے یا نہیں بلکہ سوال یہ ہے کہ عمران خان اس ڈگر تک کیوں آئے ہیں، عمران خان کی نااہلی کو خارج ازامکان قرارنہیں دیا جاسکتا۔عمران خان کوان کے اپنے لوگوں نے نااہلی کے اندر بھر پورطریقہ سے پھنسادیا ہے اوران سے قانونی غلطیاں کروادی ہیں۔عمران خان آج پاور میں واپس آجائیں گے اگر وہ اپنے ایڈوائزرز کو چھانٹی کر کے سڑک پرپھینک دیں۔ان خیالات کااظہار محمد فیصل واوڈا نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ 50لاکھ گھر بنانے کا کہا گیا تھا ،50لاکھ گھر تو10سال میں بھی نہیںبن سکتے،ایک سُپر مین اورٹارزن بھی آجائے تو نہیں بناسکتا، پوری دنیا کی قوت بھی لگ جائے تو50لاکھ گھر نہیں بن سکتے،گدھے کے اوپر بھروسہ کر کے عمران خان نے بازار میں بیان دے دیا اور وہ بیان بیک فائر ہو گیا، پانچ ہزارکیا 500گھر بھی نہیں بنے توپھر خمیازہ توآپ کو بھرنا ہے۔سمجھداری یہی ہے کہ جو سیاسی باتیں پرویز الٰہی اور مونس الٰہی ٰکررہے ہیں ان پر عمران خان غور کریں اور ان سانپ اور کیڑوں کی باتوں میں نہ آئیں جوان کو بند گلی میں لے آئے ہیں،یہ وہی سانپ اور کیڑے ہیں جنہوںنے پہلے ہی سال پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو نوز ڈائیو کروایا تھا، ان میں سے کچھ تو وہ ہیں جو اپنے سسر کے کندھے پر چڑھ کر آئے ہوئے ہیں اورجنہوں نے اپنی زندگی میںخودکچھ نہیں کیا، کچھ ایسے ہیں جو ڈگر ، ڈگر پارٹی میں جاتے ہیں کہ میں نے بچپن میں خواب دیکھا تھا کہ میںوزیر اعظم بنوں گا،وہ بھی پرانی نوکری پر کام کررہے ہیں اورآگے مجھے وہ نوکری بھی نظر نہیں آرہی۔اندرونی طور پر یہ بھی طے ہو گیا ہے کہ اسمبلی کسی صورت نہیں توڑی جائے گی اوراسی بنیاد پر ہی پرویز الٰہی نے آگے کام جاری رکھنے کا چارج لیا ہے۔ اعتماد کا ووٹ نہیں ہو گا، اس ملک میں جو دِکھتا ہے وہ بِکتا نہیں اور جو بِکتا ہے وہ دِکھتا نہیں ہے، اِس ملک کے اندر یہی چلتا رہے گا۔ عمران خان کیلئے بڑی اہم چیز ہے کہ اسمبلی نہ توڑیںاوربند گلی سے نکلنے کی کوشش کریںجدھر لوگوں نے ان کو لا کر پھنسادیا ہے، ایک اچھے انسان سے چھوٹے کام کروادیئے ہیں اور قانونی گرفت کے اندر پھنسادیا ہے، توشہ خانہ چھوٹا کام تھا۔ ہمارے دور میں بھی فوج کی کریڈیبیلٹی تھی اور فوج ہی ہمیں بیرون ملک سے پیسہ لا کردیتی تھی، آج بھی جب پاکستان بحران میں نیچے کی طرف جارہا ہے توفوجی قیادت آگے بڑھ پڑی ہے اورملک سے نکل چکی ہے اور8سے10ارب ڈالرز پاکستان کے لئے لے کر آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرقانونی طور پر چلیں تو دنیا کا کوئی آدمی وزیر اعظم کے منصب پر ایک دن بھی نہیں چل سکتا، سسٹم میں آنکھ بند ہوتی ہے تو وہ چلتا ہے اورجب سسٹم کی آنکھ مجبوراًتھوڑی سی بھی کھلتی ہے تواس میں بہت سے فلاز ہوتے ہیں اور آپ قانونی طور پر ان کے اندر پھنس جاتے ہیں اور عمران خان سے جان بوجھ کر ان کے اپنے خاص اورسانپوں نے مل کرگولی چلوائی ہے اورعمران خان کو بند گلی میں لا کر کھڑاکردیا گیا ہے جہاں سے اللہ تعالیٰ تونکال سکتا ہے تاہم قانونی طور میں انہیں بندگلی سے نکلتا نہیں دیکھ رہا۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اگر کوئی نتائج حاصل کئے بغیر مقبولیت حاصل کی جائے تواس مقبولیت کا کوئی فائدہ نہیں،مقبولیت کے ساتھ نتائج بھی حاصل کئے جائیں یہی دنیا کااصول ہے۔ عمران خان جدھرسے چیک کرسکتے تھے وہ سب ملے ہوئے تھے، عمران خان کے اردگر۱ن کے لوگوں نے نیٹ بچھا کر گیم کی، بند گلی میں لے کر گئے ہیں، عمران خان کو اپنی سیاست کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کا خطرہ بھی انہیںلوگوں سے ہے جو ان کے اردگرد کھڑے ہوئے ہیں۔ساری دنیا میں جتنی بھی سلطنتیں ڈوبی ہیں وہ مشورے دینے والوں کی وجہ سے ہی ڈوبی ہیں، جنہوں نے مشورے دیئے ان کے ماضی توچیک کریں، ان کے خاندان، ان کے باپ، دادا اورانہوں نے خود کیا کیاہے۔جولوگ آج بھی نوازشریف اوان کے دوستوں سے رابطے میں ہیںعمران خان ان لوگوں کا کیوں کچھ نہیں کررہے،علی محمد خان اور عمر سرفرازچیمہ جیسے لوگ ہزاروں اور لاکھوں کی تعدادمیں پی ٹی آئی میں ہیں کیوں ان کو چانس نہیں مل رہا۔ایک سوال پر فیصل واوڈا نے کہا کہ 2018کے انتخابات میں کراچی سے پی ٹی آئی نے جتنی نشستیںجیتیں وہ ایک توعمران خان کی مقبولیت کی لہر تھی اور دوسرا اگر کہا جائے کہ مدد نہیں تو یہ جھوٹی بات ہے ،یہ آگے بھی مدد ہوتی رہے گی۔سوشل میڈیا کے بچوں اور ہیڈ سے سانپوں نے عمران خان کے نام پر مہم چلوائی ہے،عمران خان تو گھر پر سورہے ہیں ان کو پتا بھی نہیں ہے۔


