گرفتاری دینے کے لیے گوادر پہنچ رہا ہوں،مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا اعلان
گوادر( انتخاب نیوز) حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوے کہا ہے کہ ان شااللہ گرفتاری دینے کے لیے گوادر شہر پہنچ رہا ہوں۔خیال رہے کہ حق دو تحریک کے کارکنوں نے کریک ڈائون کے بعد سے مولانا ہدایت الرحمن منظر سے غائب تھے، تاہم انہوں نے اب گوادر پہنچ کر گرفتاری دینے کا اعلان کردیا ہے،
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاؤں تلے سونا ہے مگر میرے بلوچ بچوں کے پاؤں میں جوتے نہیں۔ جب اس زیادتی کے خلاف بولتے ہیں تو غداری کا لیبل لگا کر خاموش کرانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان جو حقوق اپنے شہریوں کو دیتا ہے، ہم وہی حقوق مانگ رہے ہیں، کچھ زیادہ نہیں مانگ رہے۔ کیا اپنا حق مانگنا غداری ہے؟
ہم بار بار پاکستانی ہونے کا دعوی کرتے ہیں، لیکن پھر بھی ہم پر شک کیا جاتا ہے، حق نہیں دیا جاتا، آخر کیوں؟ کیا پاکستانیت کا دعوی غداری ہے؟
ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ٹرالرز مافیا، بھتہ مافیا اور ڈرگ مافیا کے کہنے پر مقامی سہولتکاروں کے تعاون سے گوادر آپریشن کیا گیا، کیونکہ ان کے تانے بانے اسلام آباد تک جاتے ہیں۔