الیکشن انتظامات کیلئے 70 ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنا ممکن نہیں، آئی جی پولیس سندھ

کراچی (انتخاب نیوز) انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ پولیس غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ 70 ہزار پولیس اہلکار الیکشن انتظامات کیلئے تعینات کرنا ممکن نہیں۔ سندھ حکومت نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کردہ معیار کی سیکیورٹی کیلئے پولیس کی نفری کم ہے۔ اس سلسلے میں آئی جی پولیس سندھ غلام نبی میمن نے جیو نیوز کو سیکیورٹی انتظامات اور پولیس کی دستیاب نفری کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ آئی جی غلام نبی میمن کے مطابق سندھ کے حالیہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی ایک پولنگ اسٹیشن بھی نارمل کلیئر نہیں کیا گیا۔ کراچی میں مجموعی طور پر ایک ہزار 340 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین جبکہ 3 ہزار 655 پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیے گئے ہیں۔ حیدرآباد ڈویژن میں ایک ہزار 5 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین جبکہ 2 ہزار 874 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیے گئے ہیں۔ یوں کراچی اور حیدرآباد میں مجموعی طور پر 2 ہزار 345 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین جبکہ 6 ہزار 532 حساس ہیں۔ آئی جی سندھ کے مطابق الیکشن کمیشن کے ایس او پیز کے مطابق حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر 8 جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر 4 اہلکار تعینات کیے جانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فارمولے کے تحت صرف پولنگ اسٹیشنز پر تعینات کرنے کیلئے کراچی میں 25 ہزار 340 جبکہ حیدرآباد کیلئے 19 ہزار 536 اور مجموعی طور پر 44 ہزار 876 پولیس اہلکار درکار ہیں۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں گشت اور دیگر تعیناتیوں کیلئے بھی ہزاروں کی نفری اس کے علاوہ درکار ہے۔ بلدیاتی انتخابات کی سیکیورٹی کیلئے مجموعی طور پر 69 ہزار 854 پولیس اہلکار درکار ہیں جبکہ صوبے میں سندھ پولیس کی مجموعی نفری ایک لاکھ 19 ہزار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کی پولیس کی نفری میں سے لگ بھگ 70 ہزار پولیس اہلکار نکال کر صرف الیکشن انتظامات کیلئے لگانا ممکن نہیں۔ آئی جی غلام نبی میمن کے مطابق الیکشن پر تعیناتی کیلئے سیکیورٹی اہلکاروں کو کم از کم تین سے چار دن تک مصروف رہنا ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں