وزیراعظم، زرداری اور فضل الرحمن کے خالد مقبول صدیقی سے رابطے، تحفظات دور کرنیکی یقین دہانی
کراچی (انتخاب نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے حکومت چھوڑنے کے خدشات کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے الگ، الگ خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے رابطہ کرتے ہوئے خالد مقبول کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے خالد مقبول کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ آج رات میں ہی تحفظات دور کیے جائیں گے۔دوسری جانب ٹیلیفونک رابطے میں سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے خالد مقبول صدیقی کو یقین دہانیاں کراتے ہوئے مل بیٹھ کر تمام مسائل حل کرنے کی پیشکش کی ہے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی خالد مقبول صدیقی سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کو صبر سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے۔ علاوہ ازیں خالد مقبول صدیقی نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری سے رابطہ ہوا ہے، انہوں نے کہا ہمیں آپ کی مشکلات کا اندازہ ہے۔ خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ مطالبات پورے نہ ہونیکی صورت میں دو گھنٹے بعد دوبارہ بیٹھیں گے، انتخابات ملتوی کرنے کیلئے دو آپشن حکومت کے پاس موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کا بھی آصف زرداری اور خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ بہادر آباد میں ہونے والے رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایم کیو ایم نے وفاقی کابینہ اور حکومت سے علیحدگی اور دیگر آپشنز پر غور کیا گیا۔ ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے بعض ارکان کی رائے ہے15 جنوری کو بلدیاتی الیکشن ہو تو حکومت سے علیحدہ ہوجائیں، حتمی فیصلہ کل ایم کیوایم کے جنرل ورکرز اجلاس میں ہوگا۔


