پاکستان میں بجلی کا بریک ڈاؤن، بلوچستان کے تمام اضلاع میں فراہمی شروع کردی، کیسکو ترجمان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ ملک گیر سطح پر بجلی کی بحالی کے بعد صوبہ بلوچستان کو بجلی فراہم کرنے والی 220kVاچ سبی، 220kVدادو، خضدار 220kV، ڈیرہ غازیخان، لورلائی اور 220kV ڈیرہ مراد جمالی ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال ہوگئی ہے اورکیسکو کے زیر انتظام صوبہ کے تمام اضلاع کے تمام گرڈ اسٹیشنز اور ان سے منسلک فیڈروں کو اب معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر عبدالکریم جمالی بجلی بحالی کے عمل کی مسلسل خود نگرانی کرتے رہے۔ نیشنل گرڈ سے بجلی کی دوبارہ فراہمی اور 220Kv مین ٹرانسمیشن لائن سے بجلی بحالی کے بعد چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو کی خصوصی ہدایت پر کیسکو کے پاور ڈسٹری بیوشن سینٹر پی ڈی سی کا عملہ لوڈ مینجمنٹ کر تے رہے اور رات تک کوئٹہ شہر کو مکمل طور پر بجلی کی فراہمی کو ممکن بنایا جبکہ پیر اورمنگل کی درمیانی شب رات کے تقریبا 3بجے تک صوبہ کے دیگر تمام متاثرہ علاقوں کو بھی بجلی کی فراہمی کو مکمل طور پر یقینی بنایا۔ترجمان نے مزید کہا کہ کیسکو پاور ڈسٹری بیوشن پی ڈی سی کا عملہ ڈسٹری بیوشن سسٹم کو محفوظ رکھنے کیلئے مرحلہ وار بجلی بحالی کے عمل کو جاری رکھااور اب معمول کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبہ کے تمام علاقوں کو بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ تاہم اس دوران کیسکو نے بجلی کی بندش پر تمام صارفین سے معذرت کی ہے اور تعاون پر انکا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ پیر23جنوری کی صبح 7بجکر34منٹ پر نیشنل گرڈکی سسٹم فریکونسی کم ہوگئی جس کے باعث بجلی کے نظام میں ملک گیر سطح پر وسیع بریک ڈاون ہوا۔بریک ڈاون آنے کی وجہ سے صوبہ کے 30اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں