اکھنڈ بھارت کا خواب پاکستان نے چکنا چور کر دیا۔ مسعود خان

مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے چین اور بھارت کے درمیان جنگ کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی عزائم کو دیکھتے ہوئے چین نے صف بندی کی ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پانچ اگست کا بھارتی اقدام غیر قانونی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بھارت نے کئی بار دھمی دی کہ آزاد کشمیر پر بھی حملہ کریں گے۔
سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ جنگ آسان کام نہیں ہے لیکن انڈیا کی انتہا پسند جماعت بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کے انتہا پسند چین پر حملہ کرنے کی بات کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اکھنڈ بھارت کا خواب چکنا چور پاکستان کی وجہ سے ہوا۔ چین نے سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کی مدد کی۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ چین جنگ نہیں چاہتا لیکن ہر قسم کی تیاری ہے۔ بھارت لداخ میں چین کے خلاف محاذ آرائی کر رہا تھا۔
انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری چین کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے، وہ کسی بھی صورت سی پیک کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتا۔دفاعی تجزیہ کار جنرل ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ کا پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لداخ انتہائی اہم علاقہ ہے۔ چین فوجی اعتبار سے انتہائی مضبوط ملک ہے۔ بھارت کو لداخ میں سوائے شرمندگی کے کچھ نہیں ملے گا۔ چین کو لداخ میں واضح برتری حاصل ہے۔جنرل ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ نے کہا کہ اس وقت بھارت انتہائی کمزور پوزیشن میں ہے۔ بھارت پاکستان کے مقابلے میں بھی مضبوط ملک نہیں، سی پیک چینی صدر کا منصوبہ ہے۔ چین نے ہر صورت سی پیک کی حفاظت کرنی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں