پشاور دھماکے پر ہنگامی اجلاس طلب، وزیراعظم اور آرمی چیف پشاور پہنچ گئے، زخمیوں کی بھی عیادت
پشاور (انتخاب نیوز) پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر حالات کا جائزہ لینے پشاور پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ پشاور دھماکے پر ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آج کے واقعے کے محرکات اور پشاور دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی جائےگی۔ وزیراعظم کو دھماکے سے متعلق تمام پہلو¿وں پر بریفنگ دی جائےگی۔ خیال رہے کہ پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے جبکہ 140 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے دھماکے میں اب تک 32 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں 18 پولیس اہلکار شامل ہیں جبکہ دھماکے میں 140 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں سے بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔


