سیکورٹی پر کھربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود پاکستان تخریب کاری سے محفوظ نہیں، حافظ حسین احمد

کوئٹہ (این این آئی) جمعیت علماءاسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ جنرل ضیاءسے لیکر جنرل مشرف کے آمرانہ انفرادی غلط پالیسیوں نے ملک کو دلدل میں دھکیلا ہے جبکہ ہم ملک کومزید دلدل میں دھنسوا رہے ہیں۔ وہ بدھ کو جامعہ مطلع العلوم کے سالانہ جلسہ دستاربندی سے خطاب کررہے تھے۔ جلسہ سے جامعہ مطلع العلوم کے سب سے پہلے فاضل شیخ الحدیث سید عبدالستار شاہ، قاری انوار الحق، جامعہ کے شیخ الحدیث مولانا عبدالخالق ، نائب مہتمم حافظ رشید احمد، استاد حدیث مولانا خیر محمد،استاد حدیث مولانا عبدالرزاق ، مولانا محمد طاہر توحیدی وغیر ہ نے بھی خطاب کیا۔شیخ الحدیث سید عبدالستار شاہ نے کہا کہ آج اللہ کے گھر مساجد بھی تخریب کاری سے محفوظ نہیں جبکہ چاروں صوبوں میں کھربوں روپے سیکورٹی اداروں کے لیے مختص کئے جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مدارس اور مساجد کو آج کون تخریب کاری کا نشانہ بنارہا ہے، جامعہ مطلع العلوم کے مہتمم حافظ حسین احمد نے کہا کہ امریکہ کی ایما اور خوشنودی کے لیے ضیاءالحق نے قبائل میں سوویت یونین کے خلاف جہاد کے نام پر استعمال کیا اور پھر امریکہ کے اشارے پر جنرل پرویز مشرف نے اس جہاد کو فساد اور تخریب کاری ڈکلیئر کردیا، اب بھی ہم کسی واضح پالیسی کو مرتب کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم نے انفرادی فیصلے کئے اور پارلیمنٹ اور اداروں کو اہمیت نہیں دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں