کوہاٹ میں ٹریفک حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 17ہو گئی،چئیرمین سینیٹ اور اسپیکر کااظہار افسوس
کوہاٹ (نمائندہ جنگ)کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر ٹریفک کے المناک حادثے میں خواتین اوربچوں سمیت17مسافرجاں بحق ایک زخمی ۔ معلوم ہواہے کہ جمعرات کی شب کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹنل کے قریب مسافر ہائی ایس کوچ اور ٹرالر میں تصادم ہوا،حادثہ اس قدرشدید تھا کہ کوچ میں سوارمسافروں کے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے۔ کوچ جنوبی وزیرستان سے پشاورآرہی تھی راستے میں حادثے کا شکارہوگئی۔ حادثے کے بعد ریسکیو 1122کوہاٹ کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچیں ۔ جہاں پر حادثے میں جاں بحق اورزخمیوں کوفوری طورپرڈی ایچ کیوہسپتال منتقل کیا گیا۔حادثے میں دونوں گاڑیاں تباہ ہوگئیں ۔ لاشوں کی حالت بہت خراب ہے۔دوسری جانب چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کوہاٹ ٹنل کے قریب مسافر کوچ اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کوہاٹ ٹنل کے قریب مسافر کوچ اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے حادثے میں جاں بحق افراد کے بلند درجات کے لیے دعا کی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔ چیئرمین سینیٹ نے زخمیوں کوہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی کوہاٹ ٹنل کے قریب مسافر کوچ اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے ٹریفک حادثے میں جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہیں۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اللہ تعالی سے اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو اپنی جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی ہے جب کہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ۔


