کوئٹہ میں پی ایس ایل کا میلہ سج گیا، کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ شروع

کوئٹہ (انتخاب نیوز)کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ میں پی ایس ایل کا نمائشی میچ کھیلنے کے لئے کھلاڑی، آفیشلز کی آمد کا سلسلہ جاری۔ جاوید میاں داد، عمر اکمل، چیف سلیکٹر ہارون رشید سمیت کھلاڑی اور آفیشلز کوئٹہ پہنچ گئے۔ جمعہ کو لاہور اور اسلام آباد سے آنے والی دو مختلف پروازوں میں اتوار کو کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کے درمیان نمائشی میچ کھیلنے کے لئے عمر اکمل، محمد حارث، ایمل خان، سفیان مقیم، عمید آصف، عامر جمال، عثمان قادر کوئٹہ پہنچے۔ میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید، جاوید میاں داد، ایمپائر علیم ڈار، احد خان، عمران اللہ، خرم شہزاد کوئٹہ پہنچ گئے۔ کھلاڑیوں کی آمد پر کوئٹہ اےئر پورٹ اور شہر میں سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی، میچ کے لئے آنے والے افراد کا کوئٹہ اےئر پورٹ کے اسٹیٹ لاﺅنج میں کمشنر کوئٹہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔ کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔ کوئٹہ اور پشاور کی ٹیموں کے درمیان میچ کے لئے آنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو وی وی آئی پی سیکورٹی مہیا کی گئی ہے۔ کوئٹہ اےئر پورٹ سے لیکر نجی ہوٹل تک تمام سڑکوں پر پولیس، ایف سی کی بھاری نفری تعینات رہی، شہر کے مختلف مقامات پر چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ پی ایس ایل کے میچ سے قبل کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم سمیت شہر میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، شہر اور اسٹیڈیم کے اطراف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے بینر آویزاں کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب ایونٹ کی14ہزار ٹکٹیں بھی چند گھنٹوں میں فروخت ہوگئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں