بلوچستان میں خواتین کی حفظان صحت کیلئے ہر سطح پر مربوط کاوشیں ناگزیر ہیں، ڈاکٹر طاہرہ کمال
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ایم ایچ ایم ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کی سربراہ ڈاکٹر طاہرہ کمال بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین اور لڑکیوں کی حفظان صحت سے متعلق ضروریات کی تکمیل کے لئے ہر سطح پر مربوط کاوشیں ناگزیر ہیں ایم ایچ ایم سیکرٹریٹ کوئٹہ اس ضمن میں مختلف سرکاری اور نجی اداروں کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ خواتین کو ان سہولتوں تک رسائی دینے کے لئے کوشاں ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی آئی زی کے تعاون سے دارلامان اور وویمن پولیس اسٹیشن میں ایم ایچ ایم سیکرٹریٹ کے جانب سے خواتین کی حفظان صحت سے متعلق اشیا ضروریہ کی تقسیم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جی آئی زی کی کنسلٹنٹ شاہانہ تبسم ، سنٹرل پولیس آفس کے اے آئی جی جواد ڈوگر ، ارسلا سلیم ، خاتون ایس ایچ او زرغونہ منظور ڈائریکٹر جنرل محکمہ سماجی بہبود حسن اللہ دارلامان کی انچارج شگفتہ بھی موجود تھیں ڈاکٹر طاہرہ کمال بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں شہری اور دیہی سطح پر خواتین کو حفظان صحت سے متعلق شعوری آگاہی کے ساتھ ساتھ تولیدی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کو موثر بنانے کی ضرورت ہے اس ضمن میں ایچ ایم ایچ سیکرٹریٹ کوئٹہ معاونت کار اداروں اور اپنے دستیاب وسائل سے خواتین اور لڑکیوں کی صحت سے متعلق درپیش مسائل کو اجاگر کرنے اور سہولیات کی فراہمی کے لئے کے لئے سرگرم عمل ہے تاکہ کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین سمیت تمام عورتوں تک حفظان صحت کی بہتر اور معیاری سہولتوں تک رسائی ممکن بنائی جاسکے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین اور لڑکیوں کو حفظان صحت سے متعلق آگاہی اور سہولیات کے لئے تمام سرکاری اور نجی اداروں کی معاونت کو خوش آمدید کہا جائے گا تاکہ مفاد عامہ کے اہداف کی تکمیل کے لئے اشتراکی اقدامات کو مزید بہتر بنایا جا سکے


