ترکیہ اور شام میں زلزلہ، ذلفی بخاری کا عمران خان کی ہدایت پر تعزیتی دورہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی کے رہنما رہنما سید ذوالفقار عباس بخاری (زلفی بخاری) نے ترکیہ اور شام کے سفارتخانوں کا دورہ کیا،پارٹی چیئرمین عمران خان کی جانب سے ترکیہ اور شام کی حکومتوں، عوام سے دلی ہمدردی و اظہاریکجہتی کے خصوصی پیغامات پہنچائے ۔ترکیہ اور شام کے سفرا سے خصوصی ملاقاتیں کیں ۔زلفی بخاری نے ترکیہ اور شام کے سفرا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے کی تباہ کاریوں پر پوری قوم،خصوصا تحریک انصاف کے چیئرمین، قیادت اور کارکنان رنجیدہ ہیں،زلزلے کے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصان نہایت افسوسناک اور باعثِ رنج ہے،کرب اور صدمات کے ان لمحات میں ترکیہ و شام کی حکومتوں، دونوں ممالک کے عوام سے دلی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔زلفی بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف خصوصا چیئرمین عمران خان ترکیہ و شام سے دوطرفہ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت میں گھِرے اپنے بھائیوں کی ہرممکن مدد کیلئے تیار ہیں اورزلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ترکیہ و شام کے شہریوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں،امدادی کارروائیوں کے نتیجے میں بچائے جانے والے زخمیوں کی سلامتی و شفایابی کیلئے بھی دعا گو ہیں۔ترکیہ و شام کے سفارتخانوں کے دورے کے موقع پر زلفی بخاری نے مہمانوں کے دفتر میں تعزیتی تاثرات بھی قلمبند کئے ۔پارٹی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تعزیتی پیغام بھجوانے اور ترکیہ و شام کے عوام سے یکجہتی کے اظہار پر سفرا کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کا شکریہ ادا کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں