صوبائی وزیر کی نجی جیل میں قید بلوچ خاندانوں کو بازیاب کرایا جائے، آل پاکستان مری اتحاد
کوئٹہ : آل پاکستان مری اتحاد کوئٹہ ڈویژن اور ضلع کوئٹہ کے عہدیداروں اور کارکنوں نے میر کمال خان مری ، وڈیرہ ابراہیم مری اور حضور بخش مری کی قیادت میں خان محمد مری کے خاندان بگٹی اور دیگر بلوچ قبائل کے خاندانوں کی صوبائی وزیر کی نجی جیل سے بازیابی کے لئے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے مظا ہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج آل پاکستان مری اتحاد کے فورم سے بلوچستان کے تمام اضلاع میں پریس کلبوں کے سامنے مظلوم خان محمد مری کے خاندان سمیت دیگر خاندانوں کی بازیابی کے لئے سراپا احتجاج ہے خان محمد مری سمیت بلوچ بگٹی خاندانوں کو بھی نجی جیل میں قید رکھا گیا ہے ہماری وزیراعلیٰ بلوچستان ، کمانڈر 12 کور بلوچستان اور دیگر حکام سے اپیل ہے کہ مذکورہ خاندانوں کو بازیاب کراکر صوبائی وزیر کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے اگر ہمارے مطالبے پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ہم عدالت سے عظمی سے رجوع کرنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں احتجاج کو وسعت دیتے ہوئے شاہراہیں بلاک کرکے احتجاج کریں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور اعلی حکام پر عائد ہوگی۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔


