بلوچ کلچر ڈے منانے کا مقصد تمام بلوچی روایات کو زندہ رکھنا ہے وزیر اعلیٰ

کوئٹہ (خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچ ثقافتی دن پر ملک صوبے اور دنیا بھر میں بسنے والے بلوچوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بلوچ قوم اپنی منفرد روایتوں کی امین ہے بلوچی ثقافت، طرز زندگی بودوباش ، پہناوا اور پکوان بلوچ کلچر کو نمایاں اور منفرد بناتا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچ شعراءاور ادباءکی تصانیف میں بہادری اور جرات کا درس نظر آتا ہے جنہوں نے اپنے کلام اور تصانیف میں ہمیشہ بلوچ قوم کو رواداری، عدل و انصاف یگانگت اور اپنے کلچر سے جڑے رہنے کا درس دیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے منانے کا مقصد ان تمام بلوچی روایات کو زندہ رکھنا ہے جو وقت کے ساتھ معدوم ہوتی جا رہی ہیں ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو اپنی منفرد طرز زندگی اور ثقافت سے آگاہ کرنا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی قوم اور علاقے کی ثقافت اس کی پہچان ہوتی ہے اور زندہ اور باشعور قومیں کبھی بھی اپنی روایات نہیں بھولتیں انہوں نے کہا کہ ایک تعمیری معاشرے کی تشکیل کے لئے ثقافت کا فروغ ناگزیر ہے اور ایسے دن کے منانے کا مقصد بھی اپنے منفرد ثقافت سے دنیا کو روشناس کرانا ہے وزیراعلی نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے ایک ایسا سنہرا دن ہے جو بلوچستان کے نوجوانوں میں حب الوطنی اور قوم کی خدمت کے جذبے کو تقویت دیتا ہے یہ دن ہمیں درس دیتا ہے کہ ہم ہر قسم کی تخریبی سوچ کی نفی کرتے ہوئے ایک تعمیری اور خوشحال معاشرے کی جانب اپنا کردار ادا کریں بلوچستان کے نوجوان محب وطن اور باشعور ہیں اور اب وہ دشمن کے کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت بھی ایسی پالیسی پر عمل پیرا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی کرتے ہوئے انہیں علم و ہنر سے آراستہ کرے اور انہیں وہ تربیت فراہم کرے جو ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید بہتر انداز سے اجاگر کرنے کا باعث بنے تاکہ ہمارے صوبے کے نوجوان ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں اور بلوچستان کے لیے فخر کا باعث بن سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں