آصف زرداری اور اخترمینگل میچور سیاستدان و محب وطن ہیں، صوبے کے ساتھ ساتھ مرکز کی بھی سیاست کرنی چاہئے،وزیر اعلیٰ

کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بحیثیت ایک سیاسی ورکر میں نے یہ چیز دیکھی اور محسوس کی ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سردار اختر جان مینگل میچور سیاستدان اور محب وطن ہیں سردار اختر جان مینگل کو صوبے کے ساتھ ساتھ مرکز کی بھی سیاست کرنی چاہئے۔ صوبے کی تمام قوم پرست مذہبی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے گزارش ہے کہ وہ مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ یہ صوبے کے روشن مستقبل اور عوام کے بہتر مفاد میں ہے جہاں انہیں اس حوالے سے کوئی حکومتی خامی یا کوئی مسئلہ درپیش ہو وہ حکومت کو گائیڈ کریں حکومت ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ یہ بات انہوں نے کہا وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سردار اختر جان مینگل میچور اور محب وطن سیاستدان ہیں آصف علی زرداری کو میں نے ملک کے ہر معاملے میں اچھاپایا ہے اللہ تعالیٰ ان سے آگے بھی ایسے ہی ملک اور عوام کے بہتر مفاد میں اچھے کام لے وہ ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں اسی طرح بحیثیت ایک سیاسی ورکر کے میں نے سردار اختر جان مینگل کو بلوچستان کے لئے مخلص پایا ہے وہ بلوچستانی ہونے پر فخر کرنے کے ساتھ ساتھ محب وطن بھی ہیں انہیں صوبے کے ساتھ ساتھ مرکز کی بھی سیاست کرنی چاہئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ بزنجو کو کہنا تھا کہ میں اپنی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمنٹیرین عہدیداران اور ورکرز کو بھی یہ کہتا ہوں کہ وہ اپنے حلقہ انتخاب کو ضرور اہمیت دیں لیکن ساتھ ہی ملک و صوبے کے مفاد کو بھی مد نظر رکھیں کیونکہ ہماری جماعت کا پروگرام تعصب لسانیت اور مذہبی منافرت سے ہٹ کر قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے اور بلا امتیاز عوام اور صوبے کی خدمت ہے صوبے میں بی اے پی کی مخلوط حکومت ہے پارٹی کے پروگرام اور منشور کے تحت ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن ہیں اور اللہ تعالیٰ کی ذات نے ہمیں عوام اور صوبے کی خدمت کرنے کیلئے جو موقع فراہم کیا ہے ہم اپنی پارٹی کے تمام ساتھیوں کے تعاون اور اللہ تعالیٰ کی مدد سے اس کو ضائع نہیں کریں گے اور اس حوالے سے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میری صوبے کی تمام قوم پرست مذہبی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ یہ مردم شماری صوبے کے روشن مستقبل اور عوام کی ترقی و خوشحالی و بہتر مفاد میں ہے جہاں کہیں ان جماعتوں کو حکومت کی خامی نظر آئے یا کوئی مسئلہ درپیش ہو وہ حکومت کو مثبت انداز میں اس خامی یا مسئلے کی نشاندہی کریں اور اس حوالے سے گائیڈ بھی کریں ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے اس سلسلے میں میں نے متعلقہ حکام کو ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں