سبی میں خودکش دھماکا، بلوچستان کانسٹیبلری کے 9 اہلکارجاں بحق ، 6زخمی
سبی(انتخاب نیوز/صباح نیوز) سبی کے علاقے میں کنبڑی پل کے نزدیک بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب دھماکا ہوا ہے۔بولان پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 9 اہلکار جاں بحق ہو گئے جبکہ 6اہلکارزخمی ہوئے ہیں۔ایس ایس پی کچھی محمود نوتیزئی کا 9 اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکا خود کش تھا۔انہوں نے بتایا ہے کہ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی، علاقے کو سرچ کیا جا رہا ہے۔بولان پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری کا ٹرک الٹ گیا تھا۔بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار سبی میلے میں ڈیوٹی انجام دینے کے بعد کوئٹہ واپس آ رہے تھے کہ سبی کے علاقے میں دھماکے کا شکار ہو گئے۔دھماکے کے فوری بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں دھماکے کی جگہ پہنچ گئیں۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔بولان پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹر اسپتال سبی منتقل کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق سبی دھماکے کے 3 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جنہیں سی ایم ایچ سبی منتقل کیا گیا ہے۔


