بلوچستان میں ایکسپورٹ کی بہتری کیلئے 3 ارب کے منصوبوں پر کام کیلئے پرپوزل کے منتظر ہیں، ای ڈی ایف

کوئٹہ:ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے فوکل پرسن برائے بلوچستان و سندھ عبدالقیوم،ڈائریکٹر گل رخ نے کہا ہے کہ ای ڈی ایف بلوچستان میں ایکسپورٹ کی بہتری کےلئے 3ارب روپے کے منصوبوں پر کام کےلئے پرپوزل کا منتظر ہے،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان،مختلف ایسوسی ایشن و دیگر ایکسپورٹ بارے قابل عمل منصوبوں کےلئے تجاویز دیں،گلہ بانی،زراعت اور کانکنی و دیگر شعبوں کی پیداوار و مصنوعات کو برآمد کرنے کےلئے دئیے گئے منصوبوں کو فوری فنڈنگ ہماری ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران و دیگر کے ساتھ منعقدہ آگاہی سیشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اگاہی سیشن میں وزیر اعلی بلوچستان کے کوآرڈینیٹر حاجی اختر کاکڑ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر کوئٹہ ریجن نور علی اچکزئی اور مختلف محکموں کے آفیسران نے بھی شرکت کی۔اگاہی سیشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی ،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر نے کہا کہ ملک کے دیگر اکائیوں میں ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ سے خطیر رقوم کی فنڈنگ کی گئی ہے مگر بلوچستان کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے،انہوں نے شیپ سکن اینڈ لیدر فینیشڈ گڈز مینوفیکچرنگ پلانٹ،ماربل فینش گڈز پلانٹ،حلال گوشت مذہبہ خانہ اور سیب و دیگر پھلوں کی پراسیسنگ پلانٹ کے قیام کےلئے تجاویز دی اور بتایا کہ بلوچستان میں پیدا ہونے والے پھل،سبزی جات،معدنیات و دیگر اپنی مثال آپ ہیں مگر فرسودہ طریقہ کار اور پراسس نہ ہونے کی وجہ سے وہ خام مال کی صورت میں باہر جا رہا ہے یا پھر خراب ہو جاتا ہے جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔اگاہی سیشن کے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ بلوچستان و سندھ کے فوکل پرسن عبدالقیوم اور ڈائریکٹر گل رخ نے بتایا کہ سیشن کے انعقاد کا مقصد بلوچستان کے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز و دیگر کو فنڈ سے متعلق بتانا اور ان کی قابل عمل تجاویز لینا ہے،ای ڈی ایف کے پاس فنڈز کی کمی نہیں ہمیں آپ کے پرپوزل درکار ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان میں ایکسپورٹ کی ترقی سے متعلق 3ارب روپے کے منصوبوں پر کام کرنا چاہتے ہیں اسی لئے ہم نے اس آگاہی سیشن کا نام ایکسپلور بلوچستان رکھا ہے ہم 1992سے اب تک 44ارب روپے ایکسپورٹ کی ترقی کے لیے جاری کر چکے ہیں جن میں بلوچستان کے منصوبے بھی شامل ہیں انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ سرچارج کی مد میں پہلے 8سے 10 ارب روپے محکمہ خزانہ کو مل رہے تھے اب محکمہ خزانہ سے اس کا اختیار لیکر ای ڈی ایف کو دے دیا گیا ہے اب یہ رقم برآمدات کی ترقی پر ہی خرچ ہو گی مذکورہ رقم لیپس بھی نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ای ڈی ایف پراسیسنگ پلانٹس کے قیام،ٹیسٹنگ ، کامن فیزیبلٹی سنٹرز،تربیتی اداروں کے قیام و دیگر کے سلسلے میں فنڈنگ کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ ای ڈی ایف بلوچستان میں ایکسپورٹ کی بہتری کےلئے 3ارب روپے کے منصوبوں پر کام کےلئے پرپوزل کا منتظر ہے،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان،مختلف ایسوسی ایشن و دیگر ایکسپورٹ بارے قابل عمل منصوبوں کےلئے تجاویز دیں،گلہ بانی،زراعت اور کانکنی و دیگر شعبوں کی پیداوار و مصنوعات کو برآمد کرنے کےلئے دئیے گئے منصوبوں کو فوری فنڈنگ ہماری ترجیح ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں