وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینیٹر ملک امان اللہ کی قبضہ گیری اور غنڈہ گردی کا نوٹس لیا جائے، عیسیٰ خیل قومی جرگہ
کوئٹہ (آن لائن) عیسیٰ خیل قومی جرگہ اور اہلیان خنائی بابا میجر (ر) محب اللہ ،حاجی ظہور کاکڑ، مفتی امین اللہ عیسیٰ خیل،ملک انعام کاکڑ، مولوی اقبال نے وزیراعلیٰ بلوچستان ، چیف سیکرٹری ، آئی جی پولیس ، آئی جی ایف سی اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خنائی بابا میں ہماری زمین پر قبضہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے اس میں ملوث وزیراعلیٰ کے کوارڈینیٹر کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں اس عہدے سے ہٹا کر قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ہمیں انصاف دیں بصورت دیگر ہم اپنے حق کیلئے شدید احتجاج کرینگے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس اور احتجاجی مظاہرے کے دوران کہی، اس موقع پر جرگے کے دیگر ممبران بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ ہمارا تعلق کاکڑ قومی کی ذیلی شاخ عیسیٰ خیل سے ہے ہماری آباد6اضلاع میں مقیم ہے اور 700سال سے ان علاقوں میں آباد ہیں، ہماری کلی خنائی میں زمین 1894میں سیٹلمنٹ ہوئی اور 1910-11میں مذکورہ زمین کی دوبارہ سیٹلیمنٹ ہوئے خنائی بابا زمین کا ریکارڈ موجود ہے، پاکستان بننے سے قبل 1941-42 میں دوبارہ سیٹلمنٹ ہوئی جس کا ریکارڈ موجود ہے ہمارے پاس سیٹلمنٹ اور والی قابل اور برٹش دور کا ریکارڈ موجود ہے، گزشتہ چند روز قبل سرکاری گاڑیوں اور مشینری کے ہمراہ وزیراعلیٰ کے کوارڈینیٹر ملک امان اللہ اپنے پرائیویٹ محافظوں کے ہمراہ کلی خنائی بابا کے پر امن قبائل پر دھاوا بول دیا اور فائرنگ کی جس کے نشانات لوگوں کے گھروں اور مسجد پر موجود ہیں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، کوارڈینیٹر نے سرکاری مشینری اور گاڑیوں کا استعمال کیا،انہوں نے جان بوجھ کر علاقے کے حالات کو خراب کرنے کیلئے سرکاری اثر ورسوخ کا استعمال کرتے ہوئے سیٹیلمنٹ حکام کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی جس میں سیٹیلمنٹ کوئٹہ زون کے آفیسر اور وزیراعلیٰ کے کوارڈینیٹر بھی شامل ہیں، ہمارا قومی جرگہ قوم کی بقا اور فلاح و بہبود کیلئے بنایا گیا ہے اور ہماری قوم کے نوجوان پاک فوج سمیت دیگر محکموں میں ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، اور ہمارے دوسنینیٹرز اور رکن صوبائی اسمبلی بھی ہیں ، اسکے باوجود ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ہم اپنی زمین کی حفاظت کرنا جانتے ہیں اہلیان خنائی بابا اور قوم مہترزئی کے درمیان کوئی جھگڑا نہیں صرف ایک شخص جو کہ قبضہ مافیا کا سرغنہ بن کر حالات خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے ہماری قبائلی مشران نواب سردار اور اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ اس صورتحال کا نوٹس لیکر مسئلے کے حل کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے کاامن برقرار رہ سکے، ہماری کوشش ہے کہ ان حالات کو خراب ہونے سے بچانے کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی ، کمانڈر12کور، آئی جی ایف سی ، آئی جی پولیس اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ہماری زمین پر قبضہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ہمیں انصاف مہیہ کریں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور حالات خراب نہ ہوں۔


