سپریم کورٹ، پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی منظوری کیلئے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے حوالہ سے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے سپیکر کے کنڈکٹ کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ۔ بدھ کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اورجسٹس مسز عائشہ اے ملک پر مشتمل تین رکنی بینچ نے پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل اسدعمر کی جانب سے دائردرخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت پی ٹی آئی وکیل فیصل فرید چوہدری نے کہا کہ استعفوں کی منظوری کے حوالے سے درخواست واپس لیتے ہیں، پی ٹی آئی نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے کنڈکٹ کے خلاف لاہور ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کررکھا ہے، ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے تک اس درخواست پر سماعت نہیں چاہتے۔ اس پر چیف جسٹس عمرعطابندیال کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی ہمارے سامنے ہے جس میں لکھا ہوا ہے کہ ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری تصدیق سے مشروط ہے، لہذا اب مناسب یہی ہے کہ ہائی کورٹ ہی فیصلہ کرے۔


